Urdu News

جامعہ ملیہ اسلامیہ میں رنگا رنگ سالانہ تقریب کا انعقاد

جامعہ ملیہ اسلامیہ میں رنگا رنگ سالانہ تقریب کا انعقاد

طلبا وطالبات جامعہ کے پیامبر بن کرعملی زندگی میں قدم رکھیں:پروفیسر ناہیدظہور

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ڈپارٹمنٹ آف ٹیچر ٹریننگ اینڈنان فارمل ایجوکیشن کی سالانہ تقریب کا انعقادفیکلٹی آف انجینیرنگ کے آڈیٹوریم میں پورے تزک واحتشام کے ساتھ منعقد ہوا۔جامعہ ملیہ اسلامیہ کی سابق نائب شیخ الجامعہ پروفیسر تسنیم فاطمہ نے تقریب میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی جبکہ ڈین آف اسٹوڈینٹس پروفیسر ابراہیم نے بطورمہمان اعزازی شرکت کی۔

تقریب میں ڈپارٹمنٹ کے طلبا وطالبات نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کرکے سب کے دل جیت لیے۔صدرشعبہ پروفیسر ناہید ظہورنے سبھی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈپارٹمنٹ کی سالانہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کی اور ڈپارٹمنٹ کے سبھی کوآرڈینیٹرز کا ان کی کاوشوں کے لیے شکریہ اداکیا۔

انھوں نے طلبا وطالبات کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جامعہ کے اس شعبے سے فراغت حاصل کرکے جارہے ہیں جسے ڈاکٹرذاکرحسین اور مہاتما گاندھی جیسے لیڈران نے قائم کیا اور جس کی آبیاری پروفیسر محمد مجیب، پروفیسر سلامت اللہ اور سعید انصاری جیسے لوگوں نے کی۔

انھوں نے طلبا سے یہ بھی کہا کہ آپ جامعہ کے پیامبر بن کر عملی دنیا میں قدرم رکھنے جارہے ہیں۔آپ کے ہر کام اور کردارسے جامعہ کی عظمت کی بوآنی چاہیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان اعزازی پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ جامعہ کی فیکلٹی آف ایجوکیشن جامعہ کے لیے ایک وراثت کا درجہ رکھتی ہے اور اس سے قومی سطح کے لیڈروان وابستہ رہے ہیں۔

انھوں نے فارغ ہونے والے سبھی طلبا وطالبات کو مبارک باد بھی پیش کی اور استادکی اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔مہمان خصوصی پروفیسر تسنیم فاطمہ نے اپنے خطاب میں سالانہ تقریب میں پیش کیے گئے ثقافتی پروگراموں کی بھر پورستائش کی اور فارغ ہونے والے سبھی طلبا وطالبات کو نیک خواہشات پیش کیں۔ڈاکٹر تبسم نقی کے اظہارتشکر پر پروگرام اختتام پذیر ہوگیا۔

Recommended