تہذیب و ثقافت

آزاد، سیکولر اور جمہوری ہندوستان کی تعمیر میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کا کردار نہایت اہم: پروفیسر نجمہ اختر

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے زیرِ اہتمام یومِ جمہوریہ کے موقع پر شان دار آل انڈیا مشاعرہ اور کوی سمّیلن کا انعقاد

آزاد، سیکولر اور جمہوری ہندوستان کی تعمیر میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کا کردار نہایت قابلِ فخر رہا ہے۔ NAAC جیسے باوقار ادارے کی جانب سے جامعہ ملیہ اسلامیہ کو A++ کا گریڈ دیاجانا پوری جامعہ برادری کے لیے نہایت اعزاز کی بات ہے۔ آج بیوروکریسی، عدلیہ، میڈیا اور تمام اہم شعبوں میں فرزندانِ جامعہ بے مثال کارنامے انجام دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر جامعہ ملیہ اسلامیہ پدم شری پروفیسر نجمہ اختر نے یومِ جمہوریہ کے موقع پر جامعہ ملیہ اسلامیہ کے زیرِ اہتمام شاندار اور وسیع انجینئرنگ ہال میں منعقدہ آل انڈیا مشاعرہ اور کوی سمّیلن میں کیا۔

 مہمانِ خصوصی جوائنٹ سکریٹری وزارت برائے بھاری صنعت ڈاکٹر حنیف قریشی (آئی پی ایس) نے کہا کہ بحیثیت جامعی میں اپنے مادرِ علمی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے لیے نہایت جذباتی ہوں اور یہ ایک حقیقت ہے کہ میں آج جو کچھ ہوں، وہ جامعہ ہی کی دین ہے۔ میں آج بھی جب جامعہ کے کیمپس میں داخل ہوتاہوں کہ تو محسوس ہوتا ہے کہ اپنے گھر میں آگیا ہوں۔

 مہمانِ اعزازی ڈپٹی سکریٹری وزارت برائے ثقافت ڈاکٹر شاہ فیصل (آئی اے ایس) نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ آج قومی اور بین الاقوامی سطح پر ایک قابلِ رشک ادارہ بن گیا ہے۔ مہمانِ اعزازی سابق صدر شعبۂ ہندی، جامعہ ملیہ اسلامیہ پروفیسر اشوک چکردھر نے جامعہ کی دل کش تہذیبی و ثقافتی فضا کی تحسین کرتے ہوئے کہا کہ میں جامعہ کو گنگاجمنی تہذیب کی آتما سمجھتاہوں۔

آل انڈیا مشاعرے اور کوی سمّیلن کا افتتاح پروفیسر نجمہ اختر کی شمع افروزی کے ذریعے ہوا۔ استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے پروفیسر شہپر رسول نے کہا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ میں مشاعروں کی روایت بے حد مستحکم اور معیاری رہی ہے اور اس زریں سلسلے کو محترمہ وائس چانسلر صاحبہ نے نہ صرف تقویت بخشی ہے بلکہ وہ ہمارے اس تہذیبی ورثے سے خصوصی شغف بھی رکھتی ہیں

۔ چناں چہ انھی کی سرپرستی میں آج کا یہ باوقار مشاعرہ اور کوی سمّیلن بھی انعقاد پذیر ہورہا ہے۔ اس مشاعرے اور کوی سمّیلن کے انعقاد میں پروفیسر شہپر رسول اور ڈاکٹر احمد نصیب خان نے اہم کردار ادا کیا۔ مشاعرے کا اختتام جامعہ ملیہ اسلامیہ کے رجسٹرار پروفیسر ناظم حسین کے اظہار تشکر پر ہوا۔ نظامت کے فرائض معین شاداب نے انجام دیے۔

 جن شعرا اور کویوں نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا ان میں پروفیسر اشوک چکردھر، پروفیسر خالد محمود، پروفیسر شہپر رسول، پروفیسر چندردیو یادو، پروفیسر احمد محفوظ، پروفیسر درگاپرساد، دنیش رگھونشی، ماجد دیوبندی، معین شاداب، شاہد انجم، ڈاکٹر احمد نصیب خان، سلمیٰ شاہین، علینا عترت، ڈاکٹر خالد مبشر اور خان رضوان کے نام شامل ہیں۔ نمونۂ کلام ملاحظہ ہو:

نظامِ جسم جمہوری ہے خالد

کسی جذبے کی سلطانی نہیں ہے

خالد محمود

تمھارا شہر ہے تم جو کہو بجا ہے وہ

ہمارا صرف خدا ہے مگر خدا ہے وہ

شہپر رسول

یوں تو بہت ہے مشکل بندِ قبا کا کھلنا

جو کھل گیا تو پھر یہ عقدہ کھلا رہے گا

احمد محفوظ

اللہ مرے رزق کی برکت نہ چلی جائے

دو روز سے گھر میں کوئی مہمان نہیں ہے

ماجد دیوبندی

ان سے ملنے کی خوشی بعد میں دکھ دیتی ہے

جشن کے بعد کا سناٹا بہت کھلتا ہے

معین شاداب

سلگتی دھوپ ستاروں کی چھاؤں جیسی ہے

وطن کی دھول بھی ماں کی دعاؤںجیسی ہے

شاہدانجم

نہ مشورہ دو ہمیں تم کسی سہارے کا

جوپستہ قد ہیں وہی سیڑھیاں تلاش کریں

احمد نصیب خان

آئینہ دیکھا انھوں نے، انھیں آئینے نے

دونوں کو آج مزا مل گیا حیرانی کا

سلمیٰ شاہین

اپنی مٹی پہ اگر ناز نہیں کر سکتے

زندگی ہم ترا آغاز نہیں کر سکتے

علینا عترت

مفت شہرت مل گئی فرہاد کو

اصل میں جوکوہ کن ہے عشق ہے

خالدمبشر

طلسم خانۂ حیرت ہے ایک پتلی میں

دکھاتی ہیں مجھے کیاکیا یہ مختصر آنکھیں

خان رضوان

Dr M. Noor

Recent Posts

رجنی کانت کی فلم ’جیلر‘ پر شائقین کا ردعمل

رجنی کانت کی ’جیلر‘ جمعرات کو ریلیز ہوئی۔ فلم کو پہلے دن سینما گھروں میں…

9 months ago

کشمیر میں’میری ماٹی، میرا دیش‘مہم کے تحت متعدد تقریبات منعقد

مضمون نگار: زبیر قریشی میری ماٹی، میرا دیش مہم نے وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع…

9 months ago

یُگ پریورتن: جموں و کشمیر کا تبدیلی کا سفر

جموں و کشمیر کی یونین ٹیریٹری میں تنظیم نو کے بعد ہونے والی اہم تبدیلیوں…

9 months ago

بھارت کے نقشے کی تصویر کا قالین بُننے والا کشمیری قالین باف محمد مقبول ڈار سے ملیں

شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ سے تعلق رکھنا والا محمد مقبول ڈار نامی قالین…

9 months ago

زعفران کی آسمان چھوتی قیمت کشمیر کے کسانوں کے چہروں پر لے آئی مسکراہٹ

زعفران کی جی آئی ٹیگنگ کے بعد، کسانوں نے اس کی پیداوار میں اضافہ کیا…

9 months ago

لال چوک پر تجدید شدہ کلاک ٹاور سری نگر کے قلب میں لندن کی جھلک کررہا ہے پیش

سری نگر میں، لال چوک پر نئے تجدید شدہ تاریخی کلاک ٹاور ایک خوشگوار حیرت…

9 months ago