Urdu News

خانقاہیں تعمیرانسانیت اور ہماری اصلاح وتربیت کے روحانی کارخانے ہیں: مولاناشاہ بلال احمد

مولاناشاہ بلال احمد اوردیگر خانقاہ پر بات کرتے ہوئے

تھانوی سلسلہ کے صاحبِ ارشادبزرگ، معروف عالم دین اور محی السنہ مولاناشاہ ابرارالحق ہردوئی کے خلیفہ مولانابلال احمد باغپتی نے کہا ہے کہ خانقاہیں دراصل تعمیرانسانیت، تہذیب نفوس اور اصلاح وتربیت کے روحانی کارخانے ہیں جہاں فکروعقیدہ کی طہارت، معاملات کی صفائی اور اصلاح قلب ونظر کا پاکیزہ فریضہ انجام دیاجاتا ہے۔

مولانابلال احمدباغپتی آج اپنے درجنوں عقیدت مندوں اور مجازین کے ساتھ معمرعالم دین اور مسیح الامت حضرت جلال آبادی کے مسترشدخاص مولاناشاہ عبدالستارمفتاحی بوڑیوی سے ملاقات کرنے مدرسہ ضیاالقرآن خانقاہ بوڑیہ پہنچے تھے جہاں مولانامحمدشاہدمظاہری،قاری عبدالحنان ضیائی، مولاناعبدالجبار ضیائی اور مولاناعبدالغفار مظاہری نے اس روحانی قافلہ کا استقبال کیا اور خیرمقدمی کلمات کہے،بعدازاں مولانا بلال احمد تھانوی نے ضیاالقرآن خانقاہ بوڑیہ کے سرپرست مولاناشاہ عبدالستار مفتاحی سے تین گھنٹے کی طویل ملاقات میں سلوک ومعرفت کے باب میں تبادلۂ خیال کیا اور پرشش احوال نیز آپ کی صحت وسلامتی کے ساتھ طول عمر کی تمناظاہر کی۔ انہوں نے مولانابوڑیوی کی دینی دعوتی علمی اور روحانی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مولاناشاہ عبدالستار مفتاحی ہمارے اکابر کی نشانی ہیں جو نصف صدی سے زائد عرصہ سے بوڑیہ کو مرکز بناکر عوام وخواص کے دینی تقاضوں کو پورا کررہے ہیں اور یہ کہ اس وقت آپ کا علمی وروحانی فیض قریب وبعید کے علاقوں تک پھیلا ہوا ہے جو بلاشبہ توفیق ربانی کے بغیر ممکن نہیں ہے انہوں نے کہا کہ مجھے یہاں آکر قلبی مسرت محسوس ہوئی ہے اور روحانی قرار بھی ملا ہے اس موقعہ پر مجلس ذکر بھی منعقد ہوئی جس کے اختتام پر ملک کے امن ومان اور خیر وسلامتی کی دعاکی گئی۔ بعدازاں یہ قافلہ مولانامحمدشاہدمظاہری کی رہبری میں خانقاہ رائے پور اور دوسرے مقامات کے لئے روانہ ہوگیا۔

Recommended