ناظم سیاحت کشمیر کا دورہ کھیر بھوانی مندر، میلہ 18جون کو منعقد ہوگا
سری نگر، 17جون (انڈیا نیرٹیو)
کھیر بھوانی مندر جوکہ گاندربل کے تولہ مولہ میں واقع ہے، ہر سال جون کے مہینے میں ماتا کھیربھوانی کا میلہ دھوم دھام سے منایا جاتا ہے۔ چونکہ سال 2020 سے جاری کورونا مرض کے پیش نظر پچھلے سال یہ میلہ منعقد نہیں ہو سکاہے، جس کی وجہ سے اس مندر میں آنے والے عقیدت مندوں میں خاصی مایوسی دیکھنے کو ملی۔ اس سال میلہ ہوگا یا نہیں، اس سلسلے میں اگرچہ عقیدت مند تذبذب کے شکار ہیں، لیکن آج ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر غلام نبی ایتو نے اس مشہور و معروف مندر کا دورہ کرکے یہ بات صاف کردی ہے کہ تمام رہنما خطوط پر عمل کرکے یہ میلہ 18جون کو منعقد ہوگا۔
ناطم سیاحت کشمیر نے کہا کہ ہم نے آج مندر کا دورہ کرکے وہاں پر ہونے والے میلے کے سلسلے میں ہو رہی صفائی ستھرائی کی جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ میلہ کے سلسلے میں ہونے والی تیاریاں ابھی پوری نہیں ہو چکی ہیں، جب کہ میلہ سے قبل تمام تیاریاں مکمل کرکے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کورونا مرض کو مد نظر رکھ کر تمام رہنما خطوط پر عمل کیا جائے گا۔ اس دوران بہت سارے کشمیری پنڈت الگ الگ طور پر مندر میں آکر میلے کے سلسلے میں پہلے ہی ڈھیرہ ڈال چکے ہیں۔
انہوں نے نمائندے کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکار نے اگرچہ ابھی تک ہونے والے میلے کو لے کر اعلان نہیں کیا ہے، تاہم کوئی مندر میں پوجا کرنے کےلیے آئے، اس پر روک نہیں ہے۔ انہوں نے مندر میں باقی آنے والے عقیدت مندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جب بھی مندر میں آئے، برائے مہربانی رہنما خطوط پر عمل کریں اور سرکار کی طرف سے جاری گایڈ لاین کی پاسداری کریں۔