لہو سینچا ہے اس مٹی میں کچھ ایسا شہیدوں نے
کہ فصلیں سرفروشی کی وطن میں لہلہاتی ہیں
مدھیہ پردیش اردو اکادمی، محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام ریاست میں ڈیویژنل ہیڈ کوارٹرس پر نئے تخلیق کاروں پر مبنی ’’تلاش جوہر‘‘پروگرام کے انعقاد کے بعد اب ضلع ہیڈ کوارٹرس پر سینیئر تخلیق کاروں کے لیے ’’سلسلہ‘‘کے تحت پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ اس کڑی کا دسواں پروگرام گورنمنٹ پی جی کالج گاڈروارہ، نرسنگھ پور میں 12 ستمبر، 2022 کو دوپہر 1:30 بجے شعری و ادبی نشست کا انعقاد ضلع کوآرڈینیٹر انیس شاہ کے تعاون سے کیا گیا۔
اردو اکادمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی کے مطابق مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے زیر اہتمام آزادی کا امرت مہوتسو کے تحت اپنے ضلع کوآرڈینیٹرس کے تعاون سے’’سلسلہ‘‘ کے تحت ریاست کے سبھی اضلاع میں شعری و ادبی نشستیں منعقد کی جارہی ہیں۔
ضلع ہیڈ کوارٹرس پر منعقد ہونے والی نشستوں میں متعلقہ ضلعوں کے تحت آنے والے گاؤوں، تحصیلوں اور بستیوں وغیرہ کے ایسے تخلیق کاروں کو مدعو کیا جارہا ہے جنہیں ابھی تک اکادمی کے پروگراموں میں اپنی تخلیقات پیش کرنے کا موقع نہیں ملا ہے یا بہت کم ملا ہے۔ اس سلسلے کے 10 پروگرام بھوپال، کھنڈوہ، ودیشہ دھار، شاجاپور، ٹیکم گڑھ، ساگر، ستنا ریوا سیدھی، رائسین اور سیونی میں منعقد ہو چکے ہیں اور آج یہ پروگرام نرسنگھ پور میں منعقد ہوا ہے جس میں نرسنگھ پور کے تخلیق کاروں اپنی تخلیقات پیش کیں۔
نرسنگھ پور ضلع کے کوآرڈینیٹر انیس شاہ نے بتایا کہ منعقدہ ادبی و شعری نشست میں 9 تخلیق کاروں نے اپنی تخلیقات پیش کیں۔پروگرام کی صدارت نرسنگھ پور کے سینئر شاعر اروند راجپوت کلپ نے فرمائی، مہمان خصوصی کے طور پر میونسپلٹی کے صدر شیوا کانت مشرا اور مہمانان ذی وقار کے طور پر پی جی کالج کے پرنسپل اے کے جین اور پروفیسر ڈاکٹر جواہر شکلاےاسٹیج پر موجود رہے۔
جن شاعروں نے اپنا کلام پیش کی ان کے نام اور اشعار درج ذیل ہیں:
خود بخود ہی شخصیت دیتی گواہی
اشتہاروں میں نہ پڑیے کلپ صاحب
اروند راجپوت کلپ
اپنی تصویر خود بنانے میں
وقت لگتا ہے اس زمانے میں
خلیل کریلوی
ہم تلفظ کے سبب کچھ اس قدر محتاج ہیں
پھینک دی شکر سڑک پر ریت سے منھ بھر لیا
روہت رمن
لہو سینچا ہے اس مٹی میں کچھ ایسا شہیدوں نے
کہ فصلیں سرفروشی کی وطن میں لہلہاتی ہیں
انیس شاہ
اک ایسی تصویر بنائیں سب مل کے
دلہن جیسا دیش سجائیں سب مل کے
غفار بھارتی
میں اس کے دل میں رہنا چاہتا تھا
نکل آیا میں اس کی زندگی سے
دھرمیندر آزاد
تم ہمارے ہو نہیں بتلاؤ پھر
ہم تمھارا نام لے کر کیا کریں گے
انشل نادان
شعری و ادبی نشست کی نظامت کے فرائض انیس شاہ نے انجام دیے۔پروگرام کے آخر میں انیس شاہ نے مدھیہ پردیش اردو اکادمی کی جانب سےتمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔