Urdu News

مالیگاؤں قومی اردو کتاب میلہ کامیابی کے ساتھ جاری،پانچویں دن اردو خطاطی کے فروغ پر مذاکرہ

مالیگاؤں قومی اردو کتاب میلہ

 

 


 
مالیگاؤں کے  ایس ڈی ایم وجیہ نند شرما،میئر طاہرہ شیخ رشید اور مالیگاؤں سٹی پولیس انچارج نے کیا کتاب میلے کا معائنہ،شرکاسے کورونا گائڈ لائن کی پابندی کے ساتھ کتاب میلہ سے فائدہ اٹھانے کی اپیل
مالیگاؤں:قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے زیر اہتمام جاری چوبیسواں قومی اردو کتاب میلہ پانچویں دن بھی نہایت کامیابی سے جاری رہا اور خصوصاً طلبہ و طالبات اور خواتین میں کتابوں کے تئیں غیر معمولی دلچسپی اور ذوق وشوق دیکھنے کو ملا۔آج کتاب میلے میں دوپروگراموں کا بھی انعقاد عمل میں آیا۔ایک پروگرام ’اردو خطاطی کااحیا‘ کے عنوان سے منعقد ہوا،جس میں فن کتابت و خطاطی کے ماہرین اور اساتذہ نے شرکت کی اور انھوں نے فن خطاطی کی خوبیوں اور موجودہ صورتِ حال پر روشنی ڈالتے ہوئے اس کے فروغ کے امکانات اور طریقوں پرتبادلۂ خیال کیا۔مقررین نے کہا کہ  خطاطی سیکھنے کے حوالے سے جوشوق و جذبہ  ماضی میں تھا آج بھی وہی  جذبہ پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور اس کی شروعات ـ ہمیں اپنے گھر وں سے کرنی چاہیے ۔انھوں نے کہا کہ  کمپیوٹر کے رواج نے کتابت کے فن کو نقصان پہنچایا ہے مگر اب بھی بہت سے ایسے لوگ ہیں جو دوسری سرگرمیوں سے وابستہ ہونے کے باوجود خطاطی اور کتابت کے فن کو تحفظ فراہم کرنے میں مصروف ہیں اور یہ فن اب بھی ترقی کر رہا ہے۔اس پروگرام میں ماہرین نے خطاطی کے مختلف فنی پہلووں ،کتابت کی مختلف شکلوں، لکھنے کے طریقوں اور مختلف ملکوں کے  خطاطی کے قلم کی خصوصیات پربھی  اظہار خیال کیا۔ـ انھوں نے زور دیا  کہ  خطاطی میں فنی لوازم کا استعمال بہت ضروری ہے،تبھی ہم خوش خط لکھ سکتے ہیں۔جتنا زیادہ فنی اصول و ضوابط کو پیش نظر رکھ کر خطاطی کی جائےگی اسی قدر ہماری تحریر میں جاذبیت اور خوب صورتی ہوگی۔ انھوں نے ڈیجیٹل خطاطی کے فوائد پر بھی روشنی ڈالی۔اس پروگرام کی صدارت جناب سراج احمد دلار نے کی،جبکہ جناب  آصف اقبال مرزا، امتیاز انصاری،جمال احمد،آصف ایوبی،احمد شفیق،صفوان سبحانی اور گل ایوبی نے اظہارِ خیال کیا۔
دوسرے سیشن میں بیت بازی کا پروگرام منعقد ہوا جس میں مالیگاؤں گرلس ہائی سکول، اے ٹی ٹی ہائی سکول، مالیگاوں ہائی سکول، مہاتما گاندھی ودیا مندر، جے اے ٹی گرلس ہائی سکول اور  حضرت بی بی فاطمہ گرلس ہائی سکول  کے طلبہ و طالبات نے چھ مختلف گروپوں میں حصہ لیا   اور بی بی فاطمہ ہائی سکول کی طالبات کے گروپ نے اول، مالیگاؤں گرلس ہائی سکول کے گروپ نے دوم اور مالیگاؤں ہائی سکول کے گروپ نے سوم پوزیشن حاصل کی۔ بیت بازی کے پروگرام کی صدارت شہر کی مشہور تعلیمی و سماجی شخصیت  ڈاکٹر مظور حسن ایوبی  نے کی،افتتاحی کلمات منصور اکبر نے پیش کیے،نظامت  مشترکہ طورپر ارشاد انجم اور  عمران راشد  نے کی،جبکہ  حکم کے فرائض  مشہور شاعر مشتاق احمد مشتاق،نوجوان شاعر و ادیب  ڈاکٹر شہروز خاور اورراشٹریہ سہارا ممبئی سے وابستہ صحافی و ادیب  حفظ الرحمن نے انجام دیے۔
آج   سیکڑوں شائقینِ علم و کتب کے علاوہ مالیگاؤں کے ایس ڈی ایم عزت مآب  وجیہ نند شرما ، مالیگاؤں کارپوریشن کی میئر محترمہ طاہرہ شیخ رشید   اور مالیگاؤں شہر پولیس سٹیشن کے انچارج سریش کمار گھسر نے بطور خاص میلے  کا معائنہ کیا۔ قومی اردو کونسل کے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر اور میلہ انچارج جناب اجمل سعید ،کونسل کے سپرنٹنڈنٹ  جناب منیر انجم اور مالیگاؤں اردو کتاب میلہ کے ذمے داران نے  ان کا گلدستہ،شال اور نشانِ تشکر کے ذریعے پرتپاک استقبال کیا اور میلے کے انعقاد میں ان کے تعاون کے لیے ان کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔ معزز مہمانوں نے میلہ گاہ میں آکر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے  کہا کہ قومی اردو کونسل نے ہمارے شہر میں اردو کتاب میلہ کا انعقاد کرکے لوگوں کو کتابوں سے جوڑنے کا بہت قیمتی موقع فراہم کیا ہے،جس سے اس شہر کے لوگوں کو استفادہ کرنا چاہیے۔ انھوں نے کورونا کی نئی لہر کے پیش نظر تمام شائقینِ کتب  اور میلے میں آنے والوں سے خصوصی اپیل کی کہ وہ کورونا سےمتعلق حکومت کی گائڈ لائن کی مکمل پابندی کے ساتھ  آئیں اور کتابوں کی خریداری کریں۔

Recommended