Urdu News

نئی دہلی میں ویشاکھ بدھ پورنیما دیوس تقریبات کے لیے ایک رنگا رنگ پروگرام

بین الاقوامی بدھسٹ کنفیڈریشن (آئی بی سی) کے تعاون سے نئی دہلی میں ویشاکھ بدھ پورنیما دیوس تقریبات

 

 

نئی دہلی،  16/مئی 2022 ۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے نیپال کے وزیر اعظم جناب شیر بہادر دیوبا کی دعوت پر 16 مئی 2022 کو ویشاکھ بدھ پورنیما کے مبارک موقع پر لمبنی، نیپال کا سرکاری دورہ کیا۔ وزیر اعظم کے طور پر، یہ جناب نریندر مودی کا نیپال کا پانچواں اور لمبنی کا پہلا دورہ تھا۔

نیپال کے وزیر اعظم جناب دیوبا، ان کی اہلیہ ڈاکٹر آرزو رانا دیوبا، امور داخلہ کے وزیر بال کرشنا کھنڈ، وزیر خارجہ ڈاکٹر نارائن کھڑکا، فزیکل انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹیشن کی وزیر مس رینو کماری یادو، توانائی، آبی وسائل اور آبپاشی کی وزیر محترمہ پمفا بھوسال، ثقافت، شہری ہوا بازی اور سیاحت کے وزیر جناب پریم بہادر اَلے، وزیر تعلیم جناب دیویندر پوڈیل، وزیر قانون، انصاف اور پارلیمانی امور جناب گووند پرساد شرما، اور لمبنی صوبے کے وزیر اعلیٰ جناب کل پرساد کے سی نے وزیر اعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔

دونوں وزرائے اعظم نے مایا دیوی مندر کا دورہ کیا، جس کے اندر بھگوان بدھ کی جائے پیدائش ہے۔ مندر میں، وزرائے اعظم نے بدھ مت کی رسومات کے مطابق کی جانے والی دعاؤں میں شرکت کی اور نذرانہ پیش کیا۔ وزرائے اعظم نے چراغ روشن کیے اور تاریخی اشوک ستون کا دورہ کیا، جس میں لمبنی کے بھگوان بدھ کی جائے پیدائش ہونے کا پہلا ثبوت ملتا ہے۔ انھوں نے اس مقدس بودھی درخت کو بھی پانی دیا جسے 2014 میں نیپال کے دورے کے دوران وزیر اعظم مودی نے بطور تحفہ پیش کیا تھا۔

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے وزیر اعظم جناب شیر بہادر دیوبا کے ساتھ بین الاقوامی بدھسٹ کنفیڈریشن (آئی بی سی) سے تعلق رکھنے والے لمبنی میں ایک پلاٹ پر انڈیا انٹرنیشنل سنٹر فار بدھسٹ کلچر اینڈ ہیریٹیج کی تعمیر کے لیے ’’شیلانیاس‘‘ تقریب میں شرکت کی۔ نومبر 2021 میں لمبنی ڈیولپمنٹ ٹرسٹ کے ذریعہ آئی بی سی کو یہ پلاٹ الاٹ کیا گیا تھا۔ ’’شیلانیاس‘‘ کی تقریب کے بعد، وزرائے اعظم نے بدھسٹ مرکز کے ایک ماڈل کی نقاب کشائی بھی کی، جس کا تصور نیٹ زیرو کے مطابق عالمی معیار کی سہولت کے طور پر کیا گیا ہے جس میں پریئر ہال، میڈی ٹیشن سینٹر یعنی مراقبہ مرکز، لائبریری، ایگزی بیشن ہال، کیفے ٹیریا اور دیگر سہولیات ہوں گی اور جو دنیا بھر سے بدھ مت کے زائرین اور سیاحوں کے لیے کھلے رہیں گے۔ تعمیر شدہ رقبہ 6300 مربع میٹر ہے اور یہ نیٹ زیرو ایمیشن والی نیپال کی پہلی عمارت ہوگی، جس کا مقصد ریڈیئنٹ کولنگ ٹیکنالوجی اور آبی ذخائر کا حصول ہے۔ منصوبے کی لاگت تقریباً 9846.46 لاکھ روپے ہے۔

دونوں وزرائے اعظم نے 2566 ویں بدھ جینتی تقریبات کے موقع پر ایک خصوصی تقریب میں شرکت کی، جس کا اہتمام حکومت نیپال کے زیراہتمام لمبنی ڈیولپمنٹ ٹرسٹ نے کیا تھا۔ اس تقریب میں، وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے بھکشوؤں، حکام، معززین اور بدھ دنیا سے وابستہ لوگوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیا۔

اس کے علاوہ، اس موقع پر، وزارت ثقافت نے بین الاقوامی بدھسٹ کنفیڈریشن (آئی بی سی) کے تعاون سے نئی دہلی میں ویشاکھ بدھ پورنیما دیوس تقریبات کی مناسبت سے ایک رنگا رنگ پروگرام کی میزبانی کی۔ مرکزی وزیر قانون و انصاف جناب کرن رجیجو، ​​مرکزی وزیر ثقافت جناب جی کے ریڈی، مرکزی وزیر مملکت برائے ثقافت محترمہ میناکشی لیکھی، اور مرکزی وزیر مملکت برائے ثقافت جناب ارجن رام میگھوال، بدھ بھکشو اور  دیگر معززین اس موقع پر موجود تھے۔ اس تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعے لمبنی میں سینٹر فار بدھسٹ کلچر اینڈ ہیریٹیج کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے متعلق ایک فلم کی نمائش کی گئی۔ لمبنی میں  وزیر اعظم کے خطاب کو نئی دہلی میں منعقدہ تقریب کے دوران حاضرین کی ایک بڑی تعداد کو براہ راست دکھایا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قانون و انصاف کے مرکزی وزیر جناب کرن رجیجو نے پی ایم مودی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’وقت بدلا، حالات بدلے، سماج کے کام کاج میں تبدیلی آئی، لیکن بھگوان بدھ کا پیغام ہماری زندگیوں میں مسلسل عمل میں ہے۔  یہ صرف اس لیے ممکن ہوا کہ بدھ صرف ایک نام نہیں، بلکہ ایک مقدس خیال بھی ہے- ایک ایسا خیال جو ہر انسان کے دل میں موجود ہے‘۔ وزیر نے مزید کہا کہ بدھ کا سفر ہمیں بہت سی چیزیں بتاتا ہے۔ ان کی تعلیمات آج اس وقت زیادہ موزوں ہیں، جب دنیا زیادہ عدم برداشت کا شکار ہو رہی ہے، جب چاروں طرف بہت زیادہ تشدد ہورہا ہے اور چھوٹے یا بڑے کسی بھی ملک میں جنگیں ہورہی ہیں۔ ایسی صورت حال سے نکلنے کا واحد راستہ بھگوان بدھ کی تعلیمات پر عمل کرنا ہے جو ہمیں ابدی امن کا راستہ دکھاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدھ مت دنیا کے لیے بھارت کا تحفہ ہے اور بھارت کو دوسرے ممالک کے ساتھ جوڑتا ہے۔ اس عمل میں بدھ مت بھارت اور نیپال کے درمیان ایک طاقتور کڑی ہے۔

اس موقع پر مرکزی وزیر ثقافت جناب جی کشن ریڈی نے کہا کہ نریندر مودی حکومت بھگوان بدھ کے پیغام کو دنیا تک پہنچانے کے لیے مسلسل کوششیں کررہی ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ بدھ کا پیغام آج بھی موسمیاتی تبدیلی اور تنازعات کے آج کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے موزوں ہے۔

مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ بھارت بھگوان بدھ کے ورثے کی سرزمین ہے اور وزیر اعظم کی رہنمائی میں ہم بدھ مت کے زائرین کو بغیر کسی رکاوٹ کے خوشگوار تجربہ کو یقینی بنانے کے لیے عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے تیار کررہے ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’وزارت سیاحت کے فروغ پر بھی کام کر رہی ہے، جس میں تھائی، جاپانی، ویتنامی اور چینی زبانوں میں لسانی سیاحتی سہولت کار تربیت شامل ہے۔‘‘

جناب جی کے ریڈی نے مزید کہا کہ وزارت سیاحت کے ذریعہ سودیش درشن یوجنا کے تحت بدھسٹ سرکٹ نے 325.53 کروڑ روپے کے 5 پروجیکٹوں کی ترقی دیکھی ہے۔ مرکزی وزیر نے یہ بھی بتایا کہ ’’بدھ پورنیما ایکسپریس‘‘ خصوصی ٹرین بھی آئی آر سی ٹی سی نے بدھ سرکٹ کے اندر سفر کی سہولت کے لیے شروع کی ہے۔

اس موقع پر جناب ارجن رام میگھوال نے بتایا کہ ایک بار بی آر امبیڈکر سے پوچھا گیا کہ کیا آزادی، مساوات اور بھائی چارے کو فرانسیسی انقلاب سے لیا گیا ہے؟ بابا صاحب نے جواب دیا کہ یہ اصطلاحات انقلاب فرانس سے نہیں بلکہ بھگوان بدھ کی تعلیمات سے لی گئی ہیں اور انھیں بھارتی آئین میں شامل کیا گیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ مدھیم (درمیانی) مارگ بدھ مت کی تعلیمات میں ایک اہم پیغام ہے۔

اس موقع پر محترمہ میناکشی لیکھی نے کہا کہ بدھ مت کی تعلیمات روشن خیالی کے راستے کے بارے میں بتاتی ہیں اور عدم تشدد کے راستے کی پیروی کرتی ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ بدھ کا پیغام آج بہت زیادہ موزوں ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ ایک ایسی دنیا بنائی جائے جو لالچ سے پاک ہو۔ انھوں نے عالمی ہم آہنگی اور امن کو فروغ دینے کی ضرورت بھی بتائی۔( بہ شکریہ پی آی بی ) 

Recommended