مکہ مکرمہ،08جولائی(انڈیا نیرٹیو)
حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ آج9 ذی الحج جمعہ کو ادا کیا جارہا ہے۔لاکھوں مسلمان حجاج کرام عرفات کی مقدس پہاڑی پر آسمان کی طرف ہاتھ اٹھا کر دعا کر رہے ہیں۔ حجاج کہیں خیموں میں تو کہیں پہاڑی پر دعا مانگتے نظر آ رہے ہیں۔اس دن سورج غروب ہوتے ہی حجاج مزدلفہ کا سفر شروع کریں گیاور مغرب اور عشاء کی نمازیں وہیں ادا کریں گے۔ کل دس ذی الحج کی فجر تک وہیں قیام کریں گے۔ مزدلفہ میں قیام فرض ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے وہیں رات گذاری اور فجر کی نماز وہیں ادا کی۔
کوہ عرفات مکہ کے مشرق میں 20 کلومیٹر سے زیادہ کے فاصلے پر واقع ہے اور یہ ایک ہموار میدان منیٰ کے مقام سے دس کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ جہاں عازمین کل عید الاضحی کے پہلے دن رمی جمرات کریں گے۔قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب نے گذشتہ دو سال کے دوران بیرون ملک سے آنے والے عازمین پر پابندی عائد کر دی تھی اور کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے خصوصی شرائط کے ساتھ اندرون ملک مقامی اور مقیم مسلمانوں نے حج ادا کیا۔اس سال کا حج 65 سال سے کم عمر کے لوگوں کے لیے ہے، جس میں سعودی وزارت صحت کی طرف سے منظور شدہ کوویڈ 19 ویکسین کی بنیادی خوراکوں کے ساتھ حفاظتی ٹیکوں کا کورس مکمل کرنے کی شرط عاید کی ہے۔عازمین حج کے قافلوں کو مختلف سکیورٹی اداروں کی طرف سے فول پروف سیکورٹی مہیا کی گئی ہے تاکہ حجاج کرام کو منظم کرنے کے کے ساتھ ان کی رہنمائی اور ضروری حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق عرفات کی طرف جانے والی سڑکوں کے ساتھ ٹریفک پولیس، سکیورٹی اہلکار اور محافظ تعینات کئے گئے ہیں تاکہ عازمین حج کی میدان عرفات کی طرف لچکدار نقل و حرکت کو یقینی بنائی جا سکے۔اس کے علاوہ مشاعرمقدسہ کے مختلف حصوں میں طبی، ہنگامی اور کیٹرنگ کی خدمات فراہم کی گئی ہیں اور حجاج کرام کی ضروت کے لیے اقدامات کئے گئے ہیں۔