Urdu News

مسلمانوں نے ہندو بھائیوں بہنوں کے ساتھ منائی دیوالی

مسلمانوں نے ہندو بھائیوں بہنوں کے ساتھ منائی دیوالی

ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلائی گئیں، سبھی کوتحفہ میں کمبل اور مٹھائیاں پیش کی گئیں

: ہندوؤں کے تہوار دیوالی کے موقع پر آل انڈیا جمعیت القریش کی جانب سے وزیر پور انڈسٹریل ایریا میں دیوالی ملن پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر دہلی پردیش بھارتیہ جنتا پارٹی اقلیتی مورچہ کے سابق جنرل سکریٹری اور آل انڈیا جمعیت القریش کے قومی سکریٹری مصطفی قریشی نے ہندو بھائیوں اور بہنوں کو دیوالی کے تحفے کے طور پر کمبل اور مٹھائیاں پیش کرکے دیوالی منائی۔

اس موقع پر مصطفی قریشی نے کہا کہ دیوالی کا تہوار ہندوؤں کا بڑا تہوار ہے۔ ہمیں اس تہوار پر اپنے غریب بھائیوں کا خیال رکھنا چاہیے۔ان کا کہنا ہے کہ جو لوگ امیر ہیں وہ تہوار منانے میں غریبوں کی مدد کریں۔ غریبوں کو تحائف وغیرہ دینے چاہئیں اور ان کے ساتھ خوشیاں منانی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی روایت کے تحت ہم نے آج اپنے غریب ہندو بھائیوں اور بہنوں کو اکٹھا کیا اور دیوالی کے موقع پر انہیں تحائف اور مٹھائی وغیرہ دے کر ان کی عزت افزائی کی۔ اس موقع پر بچوں کو دیوالی منانے کے لیے نقد رقم بھی فراہم کی گئی۔مصطفی قریشی کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ 31 سال سے دیوالی کے موقع پر ایسے پروگرام منعقد کر رہے ہیں۔

انہیں سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی سے تحریک ملی۔ وزیر اعظم نریندر مودی بھی ہمیشہ غریبوں کو خوشیاں دینے کی بات کرتے ہیں۔ ہمارے وزیر اعظم کی باتوں کو آگے بڑھاتے ہوئے ہم ایسا پروگرام کر کے غریبوں کے ساتھ تہوار منا رہے ہیں۔ آج ان کی دعوت پر ہندو بھائی بہنوں کی بڑی تعداد نے یہاں آکر دیوالی منائی اور ایک دوسرے کو مٹھائیاں پیش کیں۔سب کو تحائف اور مٹھائیاں دے کر رخصت کیا گیا۔

Recommended