Urdu News

پتھر مار سوجی کے حلوے اور مکھنڈی حلوے کا سفر حمیرا عالیہ کی زبانی

مکھنڈی حلوہ

 سرحد پار کا مشہور مکھنڈی حلوہ

 

ہم نے کہا سوجی لادیجیے حلوہ بنائیں گے۔
تو بولے سوجی کے حلوے سے زیادہ بکواس چیز کوئی اور نہیں ہوتی۔ یا تو نہایت شیرے دار ہوگا یا پھر ایسا پتھرنما کہ ماردو تو کسی کا سر پھوٹ جائے۔
ہمیں چینلج مل گیا۔ بھئی وہ پتھرمار شب برأتی حلوے اب کہاں بنتے ہیں۔ بچپن میں کبھی کسی سہیلی کے ٹفن سے کھائے تھے۔ اب تو عرصہ ہوا شکل نہیں دیکھی۔
پھر یوٹیوب پہ بھاگے گئے۔ سوجی کے حلوے دیکھ رہے تھے کہ سامنے ایک ویڈیو آئی۔ مکھنڈی حلوہ۔
یہ بالکل نیا طریقہ تھا ہمارے لئے۔ بس فٹافٹ دو کپ دودھ میں ایک کپ سوجی بھگو کر رکھ دیا۔ کڑاہی میں آدھا کپ ریفائن آئل اور آدھا کپ مکھن ڈالا۔ کیونکہ مکھن آدھا کپ ہی تھا۔ اس میں ایک کپ شکر ڈال دی اور میڈیم آنچ پر شکر کو گھلنے کے لئے رکھ دیا یہاں تک کہ وہ کیریملائزڈ ہوگئی۔
جب پیارا سا براؤن کلر آگیا تو دودھ سوجی کا مکسچر ڈال کر بھون لیا۔ آدھا بھوننے کے بعد چارانڈے بھی اچھی طرح سے پھینٹ کر ملا دئیے۔ اور تب تک بھونا جب تک کنارے سے تیل نہیں چھوٹنے لگا۔
اصل مرحلہ کیریمل ہوچکی شکر میں سوجی کو ملانا تھا۔ اتنا ہارڈ ہوگیا تھا شیرہ کہ بھونتے بھونتے کندھے دکھ گئے۔ لیکن جب گھر بھر کے ساتھ شوہر نامدار نے بھی اعتراف کرلیا کہ ایسا حلوہ سوجی کا آج تک نہیں کھایا تھا تو ساری محنت وصول ہوگئی۔
چلتے چلتے بتادیں کہ کتاب کا کور تیار ہے بس ان شاءاللہ ایک دودن میں رونمائی ہوگی۔
علمی اور عملی زندگی کا امتزاج اچھا لگ رہا ہے۔دعا کی درخواست۔

 

 

 

Recommended