کہا ںچھپا ہے کوئی اپنا رازِ دل ان سے
سوال ہونے سے پہلے جواب آئے گا
علی گڑھ
مثلِ سالہائے گذشتہ اس سال بھی قائمِ آلِ محمدؐ حضرت امام مہدیؑ کی ولادت باسعادت کے پر مسرت موقع پر ثقلین عابدی کے امام باڑے بیکری والی گلی زہرہ باغ سول لائن علی گڑھ میں ایک محفلِ مقاصدہ بعنوان ’’جشنِ نو ر‘‘کا انعقاد عمل میں آیا جس میں مقامی و بیرونی علمائے کرام اور شعرائے کرام نے شرکت کی۔محفل کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید اور حدیثِ کسا سے مولانا سید زاہد حسین رامپوری نے کیا ۔ مولانا سید حسن محمدمظفر نگری نے فلسفۂ غیبت اور امام مہدیؑ کے سلسلے سے گفتگو کی۔جب کہ نعتِ سرورِ کونین معروف سوز خواں عظیم شمس آبادی نے پیش کی۔نظامت کے فرائض مشترکہ طور پرجگنوؔ اورنگ آبادی اور رضاؔ حیدر بلگرامی نے انجام دئیے۔محفل کو کامیاب بنانے میںپروگرام کے منتظم ثقلین عابدی اور دانش عابدی کا اہم کردار رہا۔
قارئین کے لیے محفل میں پڑھے گئے منتخب اشعار حسب ذیل ہیں۔
کہاں چھپا ہے کوئی اپنا رازِ دل ان سے
سوال ہونے سے پہلے جواب آئے گا
ڈاکٹر اصغرؔاعجاز قائمی جلالپوری
حجابِ غیب سے وہ بے نقاب آئے گا
جہاں میں پھر سے نیا انقلاب آئے گا
اسلمؔ خورشید
وقتِ ظہور ہوگا تو آجائیں گے امام
یہ جو بشر ہے آج کا پہلے بشر تو ہو
مظفرؔحسین مظفر نگری
نگہِ نبیؐ میں شخص وہ جاہل گزر گیا
بے معرفت امامِ زمانہ جو مر گیا
محبوبؔ ہلوری
علیؑ کی بزم میں شاہدؔ ہیں یہ سخن تیرے
ہر ایک شعر ترا مستجاب آئے گا
شاہدحسین شاہدؔ
قسمت ہے زمانے والوں کی نرجس کو خدا نے لال دیا
معصوم بنا کر قدرت نے ہر رنگ میں اس کو ڈھال دیا
رضاؔ حیدر بلگرامی
ان کے علاوہ انجینئر معراج نشاطؔ،آفاقؔ کاظمی،اسد جعفر،راشد حسین راجو،تراب علی،محمد عباس چھولسی وغیرہ نے بھی محفل میں کلام پیش کیا۔آخر میں محفل کے بانی و منتظم ثقلین عابدی نے قرع نکال کر مخصوص حاضرین محفل کو انعامات سے نوازا۔