Urdu News

اردو اکادمی،دہلی کے زیر اہتمام’مستی کی پاٹھ شالہ اردو تھیٹر ورکشاپ’کے تحت تیارکیے گئے ڈراموں کا انعقاد

 ڈراما ''ہم پڑھیں گے ساتھی''کے اختتام کا ایک منظر

نئی دہلی
محکمۂ فن، ثقافت و السنہ حکومتِ دہلی گرمی کی تعطیلات میں دہلی سرکار کے مقبول عام نعرے ’’مستی کی پاٹھ شالا‘‘ کے تحت22؍مئی سے22؍جون 2023 تک دہلی کی تمام لسانی اکادمیوں کے ذریعہ اسکولی بچوں کے لیے مختلف فنونِ لطیفہ پر ورکشاپ منعقد کی گئی۔ اسی کے تحت اردو اکادمی، دہلی دہلی کے پانچ اسکولوں (1)سروودیہ کنیا ودیالیہ، نور نگر، اوکھلا،نئی دہلی (2) اینگلو عربک سینئر سیکنڈری اسکول، اجمیری گیٹ، دہلی (3)سروودیہ کنیا ودیالیہ،پٹودی ہائوس (4)زینت محل سروودیہ کنیا ودیالیہ، جعفر آباد دہلی اور (5)سروودیہ بال ودیالیہ، جنتا فلیٹ، نندنگری، دہلی میں22مئی سے22جون 2023 ایک ماہ تک صبح ساڑھے آٹھ بجے سے ساڑھے گیارہ بجے تک مفت ’’بچوں کی اردو تھیٹر ورکشاپ‘‘ منعقد کی گئی  جس میں  بچوں کو ڈرامے کے ماہرین کے ذریعہ ڈرامے کی باریکیاں سکھائی گئیں اور ڈرامے بھی تیار کیے گئے۔
محکمۂ فن، ثقافت و السنہ ،حکومتِ دہلی کی جانب سے 23 اور 24؍جون 2023 کو دو دن کے لیے ڈاکٹر امبیڈکر انٹرنیشنل سینٹر، جن پتھ روڈ، نئی دہلی میں تمام لسانی اکادمیوں کو اسٹیج فراہم کیے گئے اور تمام اکادمیوں کی جانب سے ایک ماہ میں بچوں کے ذریعے تیار کیے گئے مختلف فنونِ لطیفہ پر تیار کیے گئے منتخب پروگرام پیش کیے گئے۔

اسی کے تحت اردو اکادمی کی جانب سے  23؍جون 2023 کو پچوں کے ذریعے تیار کیے ہوئے پانچ ڈراموں میں سے چار ڈرامے پیش کیے گئے۔ پہلا ڈراما ’’داستانِ ہند: بے باک عورتوں کی زبانی‘‘پیش کیا گیاجس کی ہدایت کار سُکرتی شرما تھیں جب کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر سمیر شرمانے اہم کردار ادا کیا ۔یہ ڈراما سروودیہ کنیا ودیالیہ، زینت محل جعفرآباد سینٹر میں تیار کیا گیا تھا۔

 طالبات نے بہت ہی خوبصورتی اور خود اعتمادی کے ساتھ اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ ڈرامے میں حقوقِ نسواں خصوصاً تعلیم کے تئیں بیداری کا پیغام دیا گیا، تاکہ بہتر سے بہتر معاشرے کا تصور ممکن ہوسکے۔ دوسرا ڈراما ’’بلند بھارت کی بلند تصویر‘‘ تھا۔ جس کے ہدایت کارجاوید سمیر  تھے جب کہ معاون ہدایت کاری کی  ذمہ داری تنو نے ادا کی۔

 یہ ڈراما سروودیہ بال ودیالیہ، جنتا فلیٹ، نند نگری  سینٹر میں تیار کیا گیاتھا۔ بچوں نے ڈرامے کے تحت جدید سائنس کے میدان میں ہندوستان کی ترقی اور عالمی مقبولیت کو بہت ہی منفرد انداز میں پیش کیا اور بتایا کہ ہندوستان مستقل ترقی کی راہ پر گامزن ہے اورآئندہ برسوں میں ہندوستان کا مستقبل نہایت ہی درخشاں آتا ہے۔

بچوں نے جدید تعلیم کے تناظر میں بھی دلچسپ پہلو پیش کیے۔ تیسرا ڈراما ’’نیا بھارت ‘‘ پیش کیا گیا۔ جس کے  ہدایت کارعباس حیدر تھے اور معاون ہدایت کاری کی کی ذمہ داری  ضوفشاںنے ادا کی ۔ یہ ڈراما سروودیہ کنیا ودیالیہ،پٹودی ہائوس سینٹر میں تیار گیا تھا۔ یوں تو ان تمام ڈراموںکااہم تھیم مستقبل کا ہندوستان تھا، جس کے تحت بچوں نے اپنے اپنے ڈرامے پیش کیے اور آخری ڈراما ’’مستی کی پاٹھ شالہ‘‘ کے عنوان سے پیش کیا گیا، جسے اینگلو عربک سینئر سکنڈری اسکول، اجمیری گیٹ سینٹر میں تیار کیا گیا تھا۔

 ڈرامے کی ہدایت کار شاہین شیخ اور معاون ہدایت کار فیروز عباسی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس ڈرامے میں ملک کی مشترکہ تہذیب و ثقافت، مستقبل کا ہندوستان، بچوں کی تعلیم اور اخوت و بھائی چارگی جیسے موضوعات بہت ہی بہترین طریقے سے پیش کیے گئے۔

 چاروں ڈراموں کی پیشکش کے بعد معروف ڈراما نگار اور اداکار ڈاکٹر ایم۔سعید عالم نے ہدایت کاروں اور معاون ہدایت کاروں کے ساتھ بچوں کو سرٹیفکیٹ تقسیم کیے، ساتھ میں اردو اکادمی ، دہلی کا مقبول ترین رسالہ ’’بچوں کا ماہنامہ امنگ‘‘ کا سیٹ بھی دیا گیا۔اس موقع پر ڈاکٹر ایم سعید عالم نے بچوں کی حوصلہ افزائی  کرتے ہوئے انہیں مفید مشوروں سے نوازا اورکہاکہ آپ سبھی بچوں نے بہترین ادا کاری کی ہے ،میں آپ سبھی بچوں سے ایک بات کہنا چاہوں گا کہ آئندہ بھی ڈرامے کرتے رہیں، اور  اگرکسی وجہ سے موقع نہ مل سکے تو جو آپ نے اپنے اساتذہ سے سیکھا ہے،اسے اپنی ذاتی زندگی میں لانے کی کوشش کریں تاکہ بہترین سماج تشکیل پاسکے۔

میں سبھی بچوں اور خصوصاً  والدین اور اساتذہ کو مبارک باد دیتا ہوں کہ ان کے تعاون اور محنت سے ہی ان بچوں نے بہترین ڈرامے پیش کیے ہیں۔
24جون 2023کو ڈراما ’’ہم پڑھیں گے ساتھی‘‘ پیش کیا گیا۔ جس کے ہدایت کار فہد خان تھے جبکہ معاون ہدایت کار فیصل قدوسی تھے۔یہ ڈراماسروودیہ کنیا ودیالیہ، نورنگر سینٹر میں  تیار کیا گیا تھا۔ جیسا کہ ڈرامے کے عنوان سے ہی ظاہر ہے کہ یہ ڈراما تعلیم کے حوالے سے تھا۔

 ڈرامے کے اختتام پر محکمہ فن، ثقافت و السنہ ، حکومت دہلی کی ڈپٹی سکریٹری پرومیلا مترا نے کہاکہ اس مستی کی پاٹھ شالہ میں بچوںنے، والدین نے ، اساتذہ نے اور سبھی اکادمیوں نے کافی محنت کی ہے۔ ڈراما ’’ہم پڑھیں گے ساتھی‘‘ بہت ہی بہترین ڈراما تھا ، جس میں بچیوں نے خوب محنت کی ہے اور ان میں جوش وخروش نمایاں تھا۔انھوں نے سبھی بچوں کو نیک خواہشات  پیش کیں اور یہ امید کہ کہ وہ یوں ہی محنت کرتے رہیں گے اور آگے بڑھتے رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سال یہ جو ہماری پہل تھی مستی کی پاٹھ شالا ،یہ پروگرام  آئندہ سال بھی جاری رہے گا تاکہ دہلی کی تمام لسانی اکادمیوں کے ذریعہ زبانوں کے ساتھ ساتھ ہماری مشترکہ تہذیب و ثقافت کی بھی تشہیر ہوسکے۔ورک شاپ میں تیار کردہ ڈراموں کو طلباء و طالبات نے اپنے  اپنے منفرد انداز میں پیش کیا۔ڈرامے کی پیش کش کو ناظرین نے خوب سراہا اور داد و تحسین سے نوازا۔

Recommended