Urdu News

ایم پی اردو اکادمی کے زیر اہتمام ضلع وار پروگرام’’سلسلہ‘‘کے تحت ادبی وشعری نشست کا انعقاد

ایم پی اردو اکادمی کے زیر اہتمام ضلع وار پروگرام’’سلسلہ‘‘کے تحت ادبی وشعری نشست کا انعقاد

مدھیہ پردیش اردو اکادمی، محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام ریاست میں ڈیویژنل ہیڈ کوارٹرس پر نئے تخلیق کاروں پر مبنی ’’تلاش جوہر‘‘پروگرام کے انعقاد کے بعد اب ضلع ہیڈ کوارٹرس پر سینئر تخلیق کاروں کے لیے ’’سلسلہ‘‘کے تحت پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔

اس کڑی کا تینتیسواں پروگرام بندھن گارڈن، نیمچ میں  19 نومبر، 2022 کو شام 5 بجے سے شعری و ادبی نشست کا انعقاد ضلع کوآرڈینیٹر اکبر حسین کے تعاون سے کیا گیا۔

اردو اکادمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی کے مطابق مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے زیر اہتمام آزادی کا امرت مہوتسو کے تحت اپنے ضلع کوآرڈینیٹرس کے تعاون سے ’’سلسلہ‘‘ کے تحت ریاست کے سبھی اضلاع میں شعری و ادبی نشستیں منعقد کی جارہی ہیں۔

ضلع ہیڈ کوارٹرس پر منعقد ہونے والی نشستوں میں متعلقہ ضلعوں کے تحت آنے والے گاؤوں، تحصیلوں اور بستیوں وغیرہ کے ایسے تخلیق کاروں کو مدعو کیا جارہا ہے جنہیں ابھی تک اکادمی کے پروگراموں میں اپنی تخلیقات پیش کرنے کا موقع نہیں ملا ہے یا بہت کم ملا ہے۔

اس سلسلے کے بتیس پروگرام بھوپال، کھنڈوہ، ودیشہ دھار، شاجاپور، ٹیکم گڑھ، ساگر، ستنا ریوا سیدھی، رائسین، سیونی، نرسنگھ پور، نرمدا پورم، دموہ، شیوپوری، گوالیار، برہانپور،دیواس، رتلام، بالاگھاٹ، چھندواڑہ، اشوک نگر، ہردا بیتول جبلپور، گنا، بڑوانی، اندور، کٹنی، سیہور، کھرگون، راجگڑھ، چھترپور اور شہڈول میں منعقد ہو چکے ہیں اور آج یہ پروگرام نیمچ میں منعقد ہوا ہے جس میں نیمچ کے تخلیق کاروں نے اپنی تخلیقات پیش کیں۔

نیمچ ضلع کے کوآرڈینیٹر اکبر حسین نے بتایا کہ منعقدہ ادبی و شعری  نشست میں 10 تخلیق کاروں نے اپنی تخلیقات پیش کیں۔ پروگرام کی  صدارت نیمچ کے سینئر شاعر عبدالوحید واحد نے فرمائی، مہمان خصوصی کے طور پر حاجی مبارک حسین اور مہمان ذی وقار کے طور پر نسیم بانو اسٹیج پر موجود رہے۔ جن شاعروں نے اپنا کلام پیش کیا ان کے نام اور اشعار درج ذیل ہیں:

ذوق صبر و ضبط سے ہے زندگی آرام کن

صد ہزاراں زخم ہیں جیتا ہوں پھر بھی شان سے

عالم توقیر عالم

میں شاعروں کا بہت احترام کرتا ہوں

بصد خلوص میں ان سے کلام کرتا ہوں

یہ تاجدار ہیں انسانیت کی عظمت کے

میں ان کے لوح و قلم کو سلام کرتا ہوں

عبدالوحید واحد

جدا جب تک تیری زلفوں کے پیچ و خم نہیں ہوں گے

ستم دنیا کے بڑھتے ہی رہیں گے کم نہیں ہوں گے

منصور علی منصور

اک ہلکی سی بارش سے پھر زخم ہوئے ہریالے ہیں

ہم نے بھی تو کیسے کیسے دل کو غم دے ڈالے ہیں

نرنجن گپت راہی

عمر کٹ گئی خود کو بے خطر بتانے میں

دیر نہ لگی تم کو فیصلہ سنانے میں

عبدالحمید حمید

بیٹی وردان ہے ایش کا، سرشٹی کا آدھار ہے

بیٹی سے ہی تو بنتا یہ رشتوں کا سنسار ہے

محمد حسین شاہ

بات محشر پہ چھوڑ دے واعظ

کون ہے کامیاب دیکھیں گے

اکبر حسین شفق

شعری و ادبی نشست کی نظامت کے فرائض عالم توقیر عالم نے انجام دیے۔پروگرام کے آخر میں اکبر حسین نے مدھیہ پردیش اردو اکادمی کی جانب سےتمام شرکا کا شکریہ ادا کیا۔

Recommended