Urdu News

تنقید نگار، صحافی اور عصرِ حاضر کی مشہور شاعرہ فوزیہ ربابؔ

مشہور شاعرہ فوزیہ ربابؔ

تنقید نگار، صحافی اور عصرِ حاضر کی مشہور شاعرہ فوزیہ  ربابؔ صاحبہ“ کا یومِ ولادت

نام #فوزیہ_قریشی تخلص #ربابؔ ہے۔
وہ 25؍جولائی 1988ء کو احمد آباد، گجرات ( بھارت) میں مفتی محمّد اسجد قاسمی کے یہاں پیدا ہوئیں۔ 
انہوں نے گجرات یونیورسٹی، احمد آباد سے امتیازی نمبرات کے ساتھ اردو میں بی اے اور ایم اے کا امتحان پاس کیا۔اس کے علاوہ فوزیہ رباب نے پی جی ڈپلومہ ان جرنلزم اور بی ایڈ کی ڈگریاں بھی حاصل کیں۔
انہیں اردو، ہندی اور انگریزی پر دسترس ہے ،عربی، فارسی کی بھی خاصی شد بد ہے، اس کے علاوہ گجراتی، پنجابی اور کوکنی زبانوں سے بھی دلچسپی رکھتی ہیں۔ وہ ملک و بیرون ملک کے درجنوں قومی اور عالمی مشاعروں میں بحیثیت شاعرہ شریک ہوچکی ہیں۔
فوزیہ رباب کو درجنوں قومی و بین الاقوامی ادبی سیمیناروں میں بطور مقالہ نگار مدعو کیا گیا ہے۔ ان کا مجموعہء کلام "آنکھوں کے اس پار"*قارئین میں بہت مقبول ہوا۔ان کی تخلیقات اور مضامین ملک و بیرون ملک کے اخبارات و رسائل میں تواتر کے ساتھ شائع ہوتے رہے ہیں۔آئندہ چار کتابیں زیرِ طبع ہیں۔
   
پیشکش : اعجاز زیڈ ایچ
 
 
 معروف شاعرہ فوزیہ ربابؔ کے یوم پیدائش پر منتخب اشعار بطور خراجِ تحسین… 
تمھاری یاد ہے ماتم کناں ابھی مجھ میں
تمھارا درد ابھی تک سیہ لباس میں ہے
عشق بھی کرنا ہے، گھر کے کام بھی
یہ مصیبت بھی نئی ہے اِن دنوں
تیرے آنے کی خبر کا ہے کمال
آئنے سے بن رہی ہے ان دنوں
رباب ایسا مجھے لگتا ہے جب پہلو بدلتی ہوں
کسی کے ہجر کے کانٹے مرے بستر میں رہتے ہیں
وہ مجھے بے وفا سمجھتا ہے
خیر! میرا خدا سمجھتا ہے
میں نے اب نیند کو ہی چشم بدر کرڈالا
خواب آیا بھی جو اس بار تو بے گھر ہوگا
تیری خوشبو کو زمانے سے چھپاؤں کیسے 
تم جو چپ چاپ بکھر جاتے ہو حد کرتے ہو
آنکھیں رستہ تکنے پر مامور ہوئیں ہیں 
دل سے کیسے یاد مٹائیں آپ بتائیں
زعم ہے تجھ کو اگر اپنے قبیلے پہ تو سن 
میرے قدموں میں گرے تھے کبھی سردار ترے
ترا اسم دل کے ورق ورق پہ لکھا ہوا
جو دھنک دھنک سی کتاب ہے کوئی خواب ہے
اسی کا ذکر کہانی سے اقتباس رہے 
وہ ہر گھڑی جو مرے واسطے اداس رہے
زلفِ محبت برہم برہم می رقصم 
وجد میں ہے پھر چشمِ پر نم می رقصم
اب کون سنائے گا ربابؔ عشق صحیفہ 
کرتی جو نہیں اب کوئی تفسیر کوئی ہیر
●•●┄─┅━━━★✰★━━━┅─●•●
                         
 
  فوزیہ ربابؔ
                   
 
   ✍️ انتخاب : اعجاز زیڈ ایچ

Recommended