Urdu News

ایرانی سفیر کے ہاتھوں بھوپال کے قاری کا اعزاز

ممبر پارلیمنٹ کی موجودگی میں ہوا اعزاز

ممبر پارلیمنٹ کی موجودگی میں ہوا اعزاز

٢٣واں کل ہند مسابقہ حفظ و قرأت قرآن کریم ایران کلچر ہاؤس نئی دہلی میں 8-11 اکتوبر ٢٠٢٢ کو منعقد ہوا جس میں حکم کے فرائض انجام دینے کے لیے شہر بھوپال کے حافظ و قاری محمد ہاشم انصاری کو مدعو کیا گیا۔

پروگرام کا آغاز ایران سے تشریف لائے قاری عباس ہاشمی کی تلاوت سے ہوا۔ پروگرام میں قاری محمد ہاشم انصاری کو ہندوستان میں ایران کے سفیر ایرج الہی اور ملانا آزاد یونیورسٹی اور جامعہ ملیہ کے وائس چانسلر پروفیسر اختر الواسع کے ہاتھوں اعزاز سے نوازا گیا ۔

اس محفل میں ممبر پارلیمنٹ کنور دانش علی اور ہمالیہ یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر فاروق صاحب، ایران کے ثقافتی منسٹر ڈاکٹر علی رضا، ایران کلچرل کاؤنسلر ڈاکٹر علی ربانی اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

قاری ہاشم انصاری کا تعلق شہر بھوپال کے ممتاز قرآنی خاندان سے ہے۔ آپ قرأت قرآن کی شہرہ آفاق شخصیت حضرت مولانا محمد قاسم انصاری صاحب مرحوم کے برادر اصغر ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ آپ نے خود بھی عہد طفلی میں ایران کلچر ہاؤس کے زیر اہتمام کل ہند مسابقہ حفظ قرآن کریم میں دو بار اول انعام حاصل کرنے کے ساتھ دو بار ایران میں منعقد ہونے والے عالمی قرآن مسابقوں میں ہندوستان کی نمائندگی کی۔

اس کے علاوہ آپ ملائیشیا ، مصر اور مکہ مکرمہ کے عالمی قران مقابلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ فلحال آپ شہر بھوپال کے ایک مؤقر علمی ادارہ ایل جی ایس اسکول میں مدرس کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

اس کل ہند مسابقہ میں مدھیہ پردیش کی نمایندگی مدرسہ قدسیہ،شاہی جامع مسجد ،بھوپال کے طالبعلم محمد زبیر ولد محمد نعمان خان نے کی۔

Recommended