سعادت گنج،بارہ بنکی
"بزمِ ایوانِ غزل" کا ماہانہ طرحی مشاعرہ آئیڈیل انٹر کالج محمد پور باہوں کے وسیع ہال میں مہمان شاعر محترم مائل چوکھنڈوی صاحب کی صدارت میں منعقد ہوا جبکہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے بشر مسولوی اور قیوم انصاری نے شرکت فرمائی۔ اس طرحی مشاعرہ کی نظامت کے فرائض نوجوان نسل کے نمائندہ شاعر راشد ظہور سیدنپوری نے انجام فرمائے، مشاعرہ کا آغاز مشتاق بزمی نے نعتِ پاک سے کیا اس کے بعد دئے گئے مصرع
"گلستاں دیکھ چکے آؤ بیاباں دیکھیں "
پر باقاعدہ مشاعرہ کی ابتداء ہوئی مشاعرہ بے انتہا کامیاب رہا بہت زیادہ پسند کئے گئے اشعار کا انتخاب نذرِ قارئین ہے ملاحظہ فرمائیں۔
اس کی یادوں کے سوا ہوش نہیں ہے اپنا
ہوش میں آئیں تو پھر چاک گریباں دیکھیں
مائل چوکھنڈوی
خود سمجھ لیں گے سفر میں ہے صعوبت کیسی
میرے پیروں میں چبھے خارِ مغیلاں دیکھیں
طارق انصاری
آپ عاشق ہیں نئے آئے ہیں جو پہلے پہل
آپ جاناں نہیں پہلے درِ جاناں دیکھیں
بیڈھب بارہ بنکوی
بزم میں کوئی مسیحا نفس آیا ہے کیا
آج ہر شخص کو شادان ؤ فرحاں دیکھیں
ذکی طارق بارہ بنکوی
بھائی بھائی کی طرح مل کے رہیں آپس میں
کتنا اچھا ہو نہ ہم ہندو مسلماں دیکھیں
عاصی چوکھنڈوی
جب مصیبت میں گھرا کوئی بھی فریاد کرے
اس کی امداد میں ہندو نہ مسلماں دیکھیں
بشر مسولوی
جاں نثارانِ وطن امن و اماں کی خاطر
تیر دیکھیں نہ تبر دیکھیں نہ پیکاں دیکھیں
راشد ظہور
اس کی رحمت کے سہارے پہ چلا ہے قیوم
اہلِ دنیا نہ سیہ کار کا داماں دیکھیں
قیوم انصاری
چند سکوں میں ہی ایمان کا سودا کر کے
گر گیا کتنا زمانے میں مسلماں دیکھیں
نازش بارہ بنکوی
وہ مروت ہو شرافت کہ وفاداری ہو
ہیں وراثت میں مری بس یہی ساماں دیکھیں
اسلم سیدنپوری
مال و دولت کی تمنا نہیں ہم کو اے شکیل
آرزو اتنی ہے بس جلوہء جاناں دیکھیں
شکیل رامپوری
عشق اس موڑ پہ لے آیا ہمیں آج ظہیر
آبرو دیکھیں کہ اشکِ غمِ جاناں دیکھیں
ظہیر رامپوری
دہر میں آگئے کچھ ایسے مسائل درپیش
مفتء شہر کو بھی سر بہ گریباں دیکھیں
شفیق رامپوری
ان شعراء کے علاوہ مشتاق بزمی، سحر ایوبی وغیرہ نے بھی اپنا اپنا طرحی کلام پیش کیا سامعین میں ماسٹر محمد وسیم، ماسٹر محمد قسیم، ماسٹر محمد حلیم، محمد سفیان اعطاق صاحبان کے نام بھی قابلِ ذکر ہیں۔ بزمِ ایوانِ غزل کا آئندہ ماہانہ طرحی مشاعرہ درج ذیل مصرع پر بتاریخ 9/ مئی بروز اتوار ہوگا۔
"راہوں میں سایہ دار کوئی اک شجر تو ہو"