مرکزی وزیر مملکت برائے ثقافت میگھوال اکیڈمی نمائش کا افتتاح کریں گے
ساہتیہ اکادمی کا سالانہ ادبی میلہ اس سال 10 سے 15 مارچ تک منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس سال کا ادبی میلہ 'آزادی کا امرت مہوتسو' پر مرکوز کیا جا رہا ہے۔ فیسٹیول کا آغازاکیڈمی کی سال بھر کی سرگرمیوں کو پیش کرنے والی نمائش سے ہوگا۔ اس کا افتتاح مرکزی وزیر مملکت برائے ثقافت ارجن رام میگھوال صبح 10 بجے فیروز شاہ روڈ پر واقع ساہتیہ اکادمی کے صدر دفتر رابندر بھون میں کریں گے۔
ساہتیہ اکادمی کے سکریٹری کے سری نواس راؤ نے بدھ کے روز بتایا کہ آل انڈیا ینگ رائٹرس کانفرنس، جس کا عنوان 'نوجوان ہندوستان کا عروج' ہے، جمعرات (10 مارچ) کو صبح 10.30 بجے شروع ہوگا۔ اس کا افتتاحی کلمات اکیڈمی کے جنرل کونسل ممبر یشے دارجے تھونگچھی پیش کریں گے۔ اکیڈمی کی طرف سے تسلیم شدہ 24 ہندوستانی زبانوں کی نمائندگی کرنے والے 26 نوجوان مصنفین اس تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس کانفرنس کے مختلف اجلاس کی صدارت نامور اسکالر شری رام پریہار، پارمیتا شتپتھی، مرتیونجے سنگھ اور سریش ریتوپرنا کریں گے۔
ڈاکٹرراو نے بتایا کہ اسی دن دوپہر 2:30 بجے ہندوستانی زبانوں میں اشاعت کی حیثیت کے موضوع پر ایک مباحثہ منعقد کیا جائے گا۔ معروف مراٹھی ادیب رنگناتھ پاٹھارے اس کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ مختلف ہندوستانی زبانوں کی نمائندگی کرنے والے سات نامور پبلشرس اور مصنفین چندنا دتہ، درشن درشی، ہیمنت دیوٹے، پربھات کمار، رمیش کمار متل اور یعقوب اس پینل ڈسکشن میں حصہ لیں گے۔ اردو کے ممتاز شاعرش ک نظام پینل ڈسکشن کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ 10 سے 15 مارچ کے درمیان منعقد ہونے والے ادبی میلے میں ملک کے کونے کونے سے مختلف ہندوستانی زبانوں کی نمائندگی کرنے والے تقریباً 225 ادیب اور اسکالر مختلف پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ اس بار اکیڈمی کی کتابوں کی نمائش روزانہ صبح 10 بجے سے شام 7 بجے تک کھلی رہے گی۔ تمام پروگرام فیروز شاہ مارگ پر واقع رابندر بھون کمپلیکس میں منعقد کیے جائیں گے۔