Urdu News

سعودی عرب کی 160ملکوں سے 20 لاکھ سے زیادہ عازمین حج کی میزبانی کی تیاری مکمل

خانۂ کعبہ کا روح پرور منظر

ریاض،20جون(انڈیا نیرٹیو)

سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ نے پیر 19 جون کو اپنے آفیشل اکاؤنٹ کے ذریعے ضیوف الرحمن کے استقبال میں ایک سینما فلم کا آغاز کردیا۔ یہ فلم حج کے مناسک ادا کرنے کی تیاری کے موقع پرپیش کی جارہی ہے۔

حج و عمرہ کے وزیر ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے استقبالیہ فلم کا آغاز ایک تقریر سے کیا جس میں انہوں نے کہا کہ چند دنوں کے بعد دنیا کے تمام ملکوں کے لاکھوں مسلمان اس عظیم تلبیہ کا ورد کریں گے۔ سعودی عرب، اس کی حکومت اورعوام آنے والے ضیوف الرحمن کو سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ بھی ادا کیا جن کی توجہ سے ضیوف الرحمن کو بھرپور خدمات فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے 160 ملکوں سے 20 لاکھ سے زیادہ عازمین حج کی میزبانی کی تیاری کرلی ہے۔

الربیعہ نے مقدس مقامات میں نقل و حمل کے نظام سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تینوں مقدس مقامات ایک مربوط نقل و حمل کے نظام سے منسلک ہیں۔ یہ ایک مربوط انفراسٹرکچر سے لیس ہیں جس کی وجہ سے زائرین کو اعلی درجہ کی روحانیت، سلامتی اور خوشی کے جذبات کا احساس ہوتا ہے۔

نقل و حمل کا یہ نظام 9 سٹیشنوں اور 17 ٹرینوں پر مشتمل ہے۔ اس نظام میں ہر گھنٹہ 72 ہزار مسافروں کے سفر کرنے کی گنجائش ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرینوں کے علاوہ حجاج کرام کو منتقل کرنے کے لیے 24 ہزار بسیں بھی موجود ہیں۔

Recommended