Urdu News

ایک معصوم نے کس معصومیت سے عظیم مصور کی تصویر کھینچی ہے

عظیم فن کار صادقین اور ممتاز صحافی معصوم مراد آبادی۔ مراد آباد اور امروہہ کا ملن بھی کیا دلچسپ ہوتا ہے۔

صادقین کی یاد میں

معصوم مرادآبادی

آج شہرہ آفاق مصور، نقاش، شاعراور خطاط صادقین کا یوم پیدائش ہے۔ ان کی ولادت 30 جون 1930کو اترپردیش کے مردم خیزخطہ امروہہ میں ہوئی تھی۔ انھوں نے اپنی نقاشی و مصوری کے ذریعہ عالمی شہرت حاصل کی اور کئی بین الاقوامی ایوارڈ بھی جیتے۔گزشتہ صدی کی آٹھویں دہائی میں جب راقم الحروف نئی دہلی کی غالب اکیڈمی میں ملک کے مایہ نازخطاط محمدخلیق ٹونکی کے قدموں میں بیٹھ کر فن خطاطی سیکھ رہا تھا تو اسی دوران مجھے صادقین صاحب کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔ وہ ان دنوں ہندوستان کے سفر پر تھے اور حکیم عبدالحمیدکی فرمائش پر تغلق آباد میں نوتعمیر شدہ اسلامک ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی خوبصورت عمارت کے گنبد کے لیے اپنے فن کا جادو جگارہے تھے۔اس دوران وہ غالب اکیڈمی کی لائبریری میں بیٹھ کر جب قرآنی آیات کی مصوری کرتے تھے تو ہم انھیں بہت شوق وذوق سے دیکھا کرتے تھے۔ حالانکہ ان کاکام ہمارے کام سے اس لیے مختلف تھا کہ ہم خطاطی اور کتابت کے اصولوں کے پابند تھے جب کہ صادقین صاحب کی نقاشی ان اصولوں سے آزاد تھی۔ وہ اپنے فن پاروں میں جدید آرٹ کی آمیزش بڑی خوبی سے کیا کرتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے فن کی دھوم چہاردانگ عالم میں تھی۔ ان کا فن نامور پینٹر ایم ایف حسین کے فن سے زیادہ قریب تھا اور دونوں میں اسی لیے قربت بھی بہت تھی۔10فروری1987کو صادقین کے انتقال پر ایم ایف حسین نے انھیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ’السٹریٹیڈ ویکلی‘ میں جو مضمون لکھا تھا، اس کا پہلا جملہ اس طرح تھا ”میں برش کا آدمی ہوں اور ساری عمر اسی سے لکھا ہے، لیکن عجب مجبوری ہے کہ مجھے اپنے عہد کے ایک بڑے مصور کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے قلم کا سہارا لینا پڑرہا ہے۔

بلاشبہ ایم ایف حسین اور صادقین نے اپنے فن میں جو کمال حاصل کیا، وہ برصغیر میں کسی اور فن کار کو حاصل نہیں ہوسکا۔ جس طرح تجریدی آرٹ میں حسین نے عالمی شہرت حاصل کی، اسی طرح صادقین نے اپنی مصوری اور نقاشی کی بدولت دنیا بھر میں نام کمایا ۔ مگر اب ایسا لگتا ہے کہ ہم ان دونوں ہی فن کاروں کو بھولتے چلے جارہے ہیں۔

صادقین امروہہ کی جس مٹی سے اٹھ کر تقسیم کے جھمیلوں میں سرحد پارگئے تھے، اس کے بارے میں ممتازشاعر جون ایلیا نے صادقین کو احاطہ تحریرمیں لاتے ہوئے لکھا ہے۔”میں دوآبہ گنگ وجمن کے حالت خیز،رمزیت آمیزاور دل انگیز شہرامروہہ میں پیدا ہوا۔ امروہے میں نہ جانے کب سے ایک کہاوت مشہور چلی آرہی ہے کہ ’امروہہ شہرتخت ہے، گزراں یاں کی سخت ہے، جو چھوڑے وہ کم بخت ہے،…..مجھے نہیں معلوم کہ شمالی ہند کے پہلے مثنوی نگار سیداسمٰعیل امروہوی، شیخ غلام ہمدانی مصحفی، نسیم امروہوی، سید محمد تقی،سیدصادقین احمد، محمدعلی صدیقی اور اقبال مہدی نے امروہہ چھوڑکر اپنے آپ کو کم بخت محسوس کیا تھا یانہیں مگرمیں نے…..بہرحال۔“ (مجموعہ کلام ’شاید‘صفحہ 14)

صادقین کا تعلق اسی خانوادے سے تھا جس میں جون ایلیا اور ان کے بھائی رئیس امروہوی پیدا ہوئے تھے اورن سب فن کاروں کو تقسیم کی ہوائیں بہاکر سرحد پار لے گئی تھیں، مگر ان سب کو امروہہ کی مٹی سے جو پیار تھا، ان کا عکس ان قصے کہانیوں میں تلاش کیا جاسکتا ہے جو جون ایلیا کی امروہہ آمد پر زبان زد خاص وعام ہوتے تھے۔اسی طرح صادقین بھی جب ہندوستان آتے تو امروہہ کی مٹی سے بوس وکنار کرتے تھے۔شاعری میں بھی وہ طاق تھے۔ رباعی ان کا خاص میدان تھا۔ شاید ہی کسی نے ان سے زیادہ رباعیاں کہی ہوں۔ ایک روزغالب اکیڈمی کی ادبی نشست میں صادقین صاحب کو اپنا کلام سنانے کی دعوت دی گئی تو انھوں نے اپنی ایک رباعی سناکر محفل کو زعفران زار بنادیا۔ صادقین تاعمر کنوارے ہی رہے ۔ کسی نے ان سے شادی نہ کرنے کا سبب پوچھا تو انھوں نے جواب ایک رباعی میں دیا تھا جو انھوں نے غالب اکیڈمی کی مذکورہ شعری نشست میں سنائی تھی۔ آپ بھی سنئے۔

وہ مطلع ہستی پہ ہویدا نہ ہوئی

میں اس پہ فدامجھ پہ وہ شید ا نہ ہوئی

میں صاحب اولاد بھی ہوسکتا تھا

اولادکی والد ہ ہی پیدا نہ ہوئی

صادقین فی البدیہہ شعر کہتے تھے۔ ان کے خانوادے میں  ہرشخص شاعری کرتا تھا۔صادقین بھی سولہ برس کی عمر میں شعر کہنے لگے تھے۔ ان کا پہلا مجموعہ کلام ’جزوبوسیدہ‘ کے نام سے شائع ہوا تھا۔صادقین نے اردو شاعری کی سب سے مشکل صنف سخن رباعی کو اپنے افکار کے اظہارکا وسیلہ بنایااور کم وبیش ڈھائی ہزار رباعیاں کہیں۔ان کی رباعیوں کے دومجموعے شائع ہوچکے ہیں۔ایک اور رباعی ملاخطہ کیجئے۔

عاشق کے لیے رنج والم رکھے ہیں

شاہوں کے لیے تاج وعلم رکھے ہیں

میرے لیے کیا چیزہے“ میں نے پوچھا

آئی یہ صدا لوح وقلم رکھے ہیں

صادقین صاحب کو مہینوں غالب اکیڈمی میں اپنے فن کا جادو جگاتے ہوئے دیکھ کر فخر کا احساس ہوتا تھا کہ ہم اپنے عہد کے ایک بڑے فنکار کے روبرو ہیں اور اس سے براہ راست استفادہ کررہے ہیں۔ وہ اپنی ٹیڑھی میڑھی انگلیوں سے جب قرطاس پر اپنے فن کا مظاہرہ کرتے تھے تو دیکھتے ہی رہنے کو جی چاہتا تھا۔صادقین بنیادی طورپر قلندرانہ صفات کے فن کار تھے۔ یہی وجہ ہے جس زمانے میں تجریدی آرٹ کے نمونے کروڑوں میں فروخت ہوتے تھے تو وہ انھیں مفت میں تقسیم کردیا کرتے تھے۔ انھوں نے جامعہ ہمدرد کے اسلامک انسٹی ٹیوٹ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور بنارس ہندو یونیورسٹی میں اپنے فن کے جو جوہردکھائے ہیں ان کا کوئی معاوضہ وصول نہیں کیا۔ حالانکہ بارہا انھیں خطیر رقم کی پیشکش ہوئی، لیکن انھوں نے اسے ٹھکرادیا۔انھیں بس اپنے کام سے ہی کام تھا اور اس کی ترجمانی ان کے اس شعر سے بھی ہوتی ہے۔

پھر کام سے تھک جاتا ہے اتنا مرا ہاتھ

روٹی جو میں توڑوں تو نہیں ٹوٹتی ہے

صادقین کے اعلیٰ ادبی ذوق کی گواہی وہ فن پارے بھی دیتے ہیں، جو انھوں نے غالب، اقبال اور فیض کی لازوال شاعری پر تیار کئے تھے۔ انھوں نے ان تینوں کی شاعری کو اپنی مصوری کے ذریعہ نئے معانی پہنائے۔صادقین کی مقبولیت صرف برصغیر ہندوپاک میں ہی نہیں تھی بلکہ انھیں عالمی سطح پر قبول کیا گیا۔یہی وجہ ہے کہ انھیں فرانس میں مصوری کے اعلیٰ اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔16 اکتوبر1962کی اشاعت میں فرانس کے مشہوراخبار ’لی فگارو‘ نے صادقین کے فن پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا تھا۔”صادقین کے کام میں وسعت، کثافت، حجم اور حقیقت کا تاثر ملتا ہے، جو خیالی سوچ میں بھی حقیقت کا رنگ بھر دیتا ہے۔“ فرانس میں صادقین کے چاہنے والے انھیں پکاسو کے ہم پلہ فن کار قرار دیتے تھے۔انھوں نے فرانسیسی مفکر ومصنف کامو کی تصنیف ’دی آؤٹ سائڈر‘ کی تمثیل بھی پیش کی۔ انھوں نے یونانی فلسفیوں، عرب مفکرین اور یوروپی سائنسدانوں کی تصویرکشی کے ذریعہ ہر زمانے کے فکری، علمی اور سائنسی ارتقاء کو نہایت خوبصورتی کے ساتھ پیش کیا۔یہی وجہ ہے کہ ان کے فن پاروں کی نمائشیں امریکہ، یوروپ اور مشرق وسطیٰ میں بھی منعقد ہوئیں اور ہرجگہ دادوتحسین پائی۔

Recommended