Urdu News

دبئی میں مہانومی پر کھلے مندر کے دروازے،وجے دشمی سے ہر کوئی کرسکے گا درشن

دبئی میں مہانومی پر کھلے مندر کے دروازے

متحدہ عرب امارات کے اہم  شہر دبئی میں تعمیر کیے گئے ایک نئے ہندو مندر کے دروازے مہانومی کے موقع پر عقیدت مندوں کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔ مہانومی پر رسمی تقریب کے بعد، مندر وجے دشمی سے عام زائرین کے لیے کھل جائے گا۔

متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے علاقے جبل علی میں ایک نیا اور عظیم الشان مندربن کر تیا ر ہو گیا  ہے۔ اس مندر کے دروازے منگل کو مہانومی کے موقع پر کھولے گئے تھے۔

منگل کی شام کو مندر کے دروازے رسمی طور پر کھولے جانے کے بعد اب بدھ یعنی وجے دشمی سے مندر کو تمام عقیدت مندوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔

مندر میں درشن کے لیے کیو آر کوڈ کے ذریعے بکنگ کے لیے جدید ترین انتظامات کیے گئے ہیں، تاکہ وہاں پہنچنے والے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد کو کنٹرول کیا جا سکے۔

بتایا گیا کہ نیا مندر بہت عالیشانبن کر تیا ر ہواہے۔ دراصل نیا مندر متحدہ عرب امارات کے قدیم مندروں میں سے ایک سندھی گرو دربار مندر کی توسیع ہے۔ توسیع کا عمل فروری 2020 میں شروع ہوا اور ڈھائی سال میں نیا اور عظیم الشان مندر تیار ہو گیا۔

مندر میں نصب 16 ہندو دیوتاؤں کی مورتیوں کے عوامی درشن بدھ کو دسہرہ کے تہوار کے ساتھ شروع ہوں گے۔ یہاں عقیدت مند سری گرو گرنتھ صاحب کے بھی درشن کر سکتے ہیں۔

اس سے قبل 1 ستمبر 2022 کو عقیدت مندوں کو اس عظیم الشان سفید سنگ مرمر کے مندر کے اندرونی حصوں کی جھلک دیکھنے کی اجازت دی گئی تھی۔

Recommended