نئی دہلی میں اسرائیلی سفارت خانہ نے ’’میلیدہ ‘‘تقریب کا اہتمام کیا
نئی دہلی، 6 فروری
یہودیوں کے تہوار توبِشوات کو منانے کے لیے اسرائیل کے سفارت خانے، نئی دہلی میں آج ایک خصوصی ملیدہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہندوستان میں اسرائیل کے سفیر نور گیلون نے کہا، “یہ میرا دوسرا سال ہے جو ہندوستان میں تو بشوات منا رہا ہے۔
ہم سفارت خانے میں میلیدہ کی تقریب کا اہتمام کرتے ہوئے بے حد خوش ہیں۔ یہ ایک قدیم یہودی رسم ہے جسے تقریباً 2000 سال قبل ہندوستانی روایات کے مطابق ڈھال لیا گیا تھا اور تب سے ہندوستان میں یہودی برادری اس کا مشاہدہ کر رہی ہے۔ یہ اس قدیم رشتے کی گواہی ہے جس میں ہماری تہذیبیں مشترک ہیں۔
تو بشوات ایک قدیم یہودی تہوار ہے، جسے درختوں کا نیا سال بھی کہا جاتا ہے۔ یہ اسرائیل میں موسم بہار کے آغاز کی نشاندہی کرتا ہے۔ اس دن، ہندوستان میں یہودی برادری ایک خاص رسم – میلیدہ انجام دیتی ہے۔
میلیدہ کی تقریب خصوصی دعاؤں اور میٹھے پوہوں، ناریل، کھجور اور پھلوں کی ڈش پر مشتمل ہوتی ہے۔ ہندوستان کے ساتھ اس منفرد اور جذباتی تعلق کو منانے کے لیے، سفارت خانے نے دہلی میں ہندوستانی یہودی برادری کے نمائندوں کے ساتھ میلیدہ کی تقریب کا اہتمام کیا۔ میلے کی خوشی میں سفارتخانے کے احاطے میں ایک درخت بھی لگایا گیا۔