Urdu News

اردواکادمی دہلی کے زیراہتمام چھ روزہ ”32 ویں اردو ڈرامافیسٹول”کا آغاز

ڈرامے کے اختتام پر اردو اکادمی، دہلی کے سینئر اکائونٹس آفیسر کلبھوشن اروڑا ڈرامے کے ہدایت کار مشتاق کاک کو گلدستہ پیش کرتے ہوئے

کرشن چندر کے ناول پر مبنی ڈراما” لمحوں کی ملاقات ”کو ناظرین نے خوب سراہا
نئی دہلی
محکمہ فن،ثقافت والسنہ خطہ قومی راجدھانی، حکومت دہلی اردو اکادمی دہلی کے زیر اہتمام سری رام سینٹر، صفدر ہاشمی مارگ منڈی ہاؤس نئی دہلی میں چھ روزہ ’’ 32 ویں اردو ڈراما فیسٹول‘‘ کاآغاز ہوا جس میں حسب روایت ناظرین کی بھر پور تعداد پہنچی اور فن کاروں کو داد و تحسین سے نوازا۔

آج ڈراما فیسٹیول کے پہلے دن دی ریئل تھیٹر نے جناب مشتاق کاک کی ہدایت میں کرشن چندر کے ناول ’’پورے چاند کی رات‘‘اور ’’شہزادہ‘‘پر مبنی’’لمحوں کی ملاقات‘‘ڈراما پیش کیا جو اوما جھنجن والا کا تحریر کردہ ہے۔
ڈرامے میں مرکزی کردارکا رول امت بسویانے بہت خوبصورتی سے ادا کیا اس کے علاوہ جتن شرما،کومل منشی، عنب خضرا، ستیم جھا، انوپ گوسائن، انکت وغیرہ نے بھی اس انداز سے کردار نگاری کے جوہر دکھائے کہ ناظرین جھوم اٹھے اور لوگوں نے خوب داد دی۔ ڈرامے کا بنیادی موضوع عشق و محبت تھا ،اس میں کشمیر اور دہلی کی تہذیب و ثقافت کو بہت خوبصورتی سے پیش کیا گیا۔

ڈرامے کا ایک منظر

ڈرامے کے اختتام پر ہدایت کار مشتاق کاک نے آرٹسٹوں کا تعارف کرایا اور اردو اکادمی دہلی اور حکومت دہلی کا شکریہ ادا کیا۔ شکریہ ادا کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اردو اکادمی دہلی سے میرا دیرینہ تعلق رہا ہے، یہ ڈراما’’ لمحوں کی ملاقات‘‘کی پیشکش کے لیے اردو اکادمی دہلی نے مجھے دعوت دی اس کے لیے میں اردو اکادمی دہلی کا ممنون ہوں۔
اردو اکادمی،دہلی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا یہ ڈراما فیسٹیول کورونا وبا کی وجہ سے چند سالوں سے موقوف تھا، اسے ایک بار پھر دہلی حکومت کے تعاون سے اردو اکادمی دہلی نے اسی آب و تاب کے ساتھ شروع کیا۔

 اردو اکادمی، دہلی اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے کوشاں ہے اس کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں، اسی کی ایک کڑی اردو ڈرامافیسٹول بھی ہے۔

ڈرامے کا ایک منظر

عالی جناب اروند کیجریوال ،وزیر اعلیٰ ،دہلی دیگر زبانوں کی طرح اردو کے فروغ و اشاعت کے لیے بھی سنجیدہ ہیں۔ ان دنوں ہونے والے متعدد پروگرام اردو سے ان کی محبت کا حصہ ہیں، چاہے وہ جشنِ جمہوریہ کی مناسبت سے ہونے والے 4 مشاعرے ہوں یا آج سے شروع ہوا اردو ڈراما فیسٹول۔
ناظرین میں پروفیسر محمد کاظم ، انیس اعظمی، پروفیسر صادق اورپروفیسر شاہینہ تبسم وغیرہ  بطور خاص موجود رہے۔
ڈراما کی پیشکش میں ویبھو، وکاس بہاری اور ایسو سی ایٹ ڈائریکٹر وغیرہ کا بھی تعاون رہا۔اس تقریب کو کامیاب بنانے میں اردو اکادمی دہلی کے کارکنان کا اہم کردار رہاجس کو ناظرین نے خوب سراہا۔

Recommended