Urdu News

اردو اکادمی،دہلی کی جانب سے جلسہ تقسیمِ انعامات کا انعقاد 7/جولائی کو

جلسہ تقسیمِ انعامات

اور”دہلی کے علمااور مشائخ“ کے عنوان سے توسیعی خطبے کاانعقاد8/جولائی کو

اردو اکادمی، دہلی نے ہندوستان کی آزادی کی 75ویں سالگرہ کی مناسبت سے مورخہ 21/ مئی اور22/مئی2022ء کو اردو اسکولوں کے طلبا و طالبات کے لیے مضمون نویسی اور پینٹنگ  مقابلوں کا انعقاد کیا تھا۔اِن مقابلوں میں اول، دوم، سوم اور حوصلہ افزائی انعامات حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو اکادمی کی جانب سے نقد انعامات، مومینٹوزاور اسناد پیش کرنے کے لیے ایک جلسہ تقسیم انعامات بتاریخ7/جولائی2022ء  شام چار بجے ”قمررئیس سلور جوبلی آڈیٹوریم“، اردو اکادمی، دہلی، سی۔پی۔او۔بلڈنگ، کشمیری گیٹ، دہلی میں منعقد کیا جارہا ہے، جس میں انعام کے لیے منتخب طلباء و طالبات کو انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔جلسہ میں ڈاکٹر ریاض عمر،سابق پرنسپل ذاکر حسین دلّی کالج بطور مہمانِ خصوصی شرکت فرمائیں گے۔ اس موقع پر معروف غزل گلوکار جناب غلام صابر غزلیں پیش کریں گے۔

اکادمی کا دوسرا پروگرام ”توسیعی خطبہ“  اگلے روز قمررئیس سلور جوبلی آڈیٹوریم میں ہی منعقد ہوگا۔ واضح رہے کہ دہلی ہمیشہ سے مختلف زبانوں اور قوموں کی  تہذیب و ثقافت کا ایک سنگم رہی ہے اور ہر زمانے میں تمام قومیں اپنی تاریخ اور زبان کے ساتھ یہاں کی مشترکہ تہذیب و ثقافت کو پروان چڑھانے میں پیش پیش رہی ہیں اور جغرافیائی حدود سے بالاتر ہوکر یہاں کی تاریخ و تہذیب، طرزِ معاشرت اور بود و باش کے طریقوں کو عام کیا ہے اور ان کے فروغ میں مختلف قوموں اور تہذیبوں کا اہم کردار رہا ہے۔ قوموں اور زبانوں کی  اس مشترکہ تہذیب و ثقافت اور طرزِ معاشرت سے آج نئی نسل کو واقف کرانے کی سخت ضرورت ہے۔

ملک میں اس سال ہندوستان کی آزادی کی75ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔ اسی کے پیشِ نظر اردو اکادمی، دہلی ”دہلی کی تاریخ و ثقافت“ کے عنوان سے دس خطبات پر مشتمل توسیعی خطبات کی ایک سیریز منعقد  کررہی ہے جس میں مختلف ذرائع جیسے دہلی کے تاریخی واقعات اور دہلی کی تہذیب و ثقافت کو ظاہر کرنے والے خطبات پیش کیے جارہے ہیں۔

اس سیریز کا تیسرا توسیعی خطبہ بہ عنوان”دہلی کے علماء اور مشائخ“ کا اہتمام بتاریخ8/جولائی2022ء، بروزجمعہ، شام ساڑھے چھ بجے اردو اکادمی،دہلی کے قمررئیس سلور جوبلی آڈیٹوریم، کشمیری گیٹ، دہلی میں کیا جارہا ہے،جس میں اردو و فارسی ادب کے ممتاز اسکالر اور دہلوی تہذیب و تمدن کی نمائندہ شخصیت پروفیسر شریف حسین قاسمی توسیعی خطبہ پیش فرمائیں گے جب کہ صدارت جامعہ ملیہ اسلامیہ،نئی دہلی کے شعبہئ تاریخ و ثقافت سے ریٹائرڈ  پروفیسر سنیتا زیدی فرمائیں گی۔

اس موقع پر وائس چیئرمین اکادمی حاجی تاج محمد نے دہلی کے دانشور اور اہلِ علم طبقہ کے ساتھ ساتھ عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ اس تاریخی توسیعی خطبے میں شریک ہوکر دہلی سے اپنی ذہنی و تہذیبی وابستگی کا ثبوت دیں۔ نشستیں محدود ہیں اس لیے جلد تشریف لائیں۔

Recommended