Urdu News

گورکھپور یونیورسٹی کے شعبہ اردو میں ماہنامہ گل بوٹے کے مدیر فاروق سید کا استقبال

ممبئی سے تشریف لائے ماہنامہ گل بوٹے کے ایڈیٹر فاروق سید کا گورکھپور یونیورسٹی کے شعبہ اردو میں استقبال کیا گیا۔

 

 

 


 
گورکھپور یونیورسٹی کے شعبہ اردو میں ماہنامہ گل بوٹے کے مدیر فاروق سید کا استقبال
فاروق سید نے خود کو بچوں کے ادب کے لئے وقف کر دیا ہے: ڈاکٹر ساجد انصاری
گورکھپور ( 16 نومبر ) ممبئی سے تشریف لائے ماہنامہ گل بوٹے کے ایڈیٹر فاروق سید کا گورکھپور یونیورسٹی کے شعبہ اردو میں استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر اک روزہ نیشنل سیمینار کا انعقاد بھی کیا گیا۔ صدر شعبہ اردو پروفیسر رضی الرحمٰن نے مہمانوں کا استقبال کیا اور کہا کہ بچوں کی مناسب تربیت کے لئے بہت ضروری ہے کہ ہم ان میں اچھا ادب پڑھنے کی عادت ڈالیں۔ بچے جس تیزی سے اسمارٹ فون اور لیپ ٹاپ کے عادی ہو رہے ہیں اور کتابوں سے دور ہو رہے ہیں وہ قابل تشویش ہے۔ پروفیسر رضی الرحمٰن نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں کو تحفے کے طور پر اچھے اردو رسائل پیش کرنے کی عادت ڈالیں۔
شعبہ اردو گورکھپور یونیورسٹی کے جواں سال استاد ممتاز ناقد اور شاعر ڈاکٹر ساجد انصاری نے دلکش انداز میں پروگرام کی نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے کہا فاروق سید جیسے حقیقی محبان اردو کا اعتراف کیا جانا چاہئے ۔
جے این یو ، دہلی سے تشریف لائے ماس کمیونیکیشن کے استاد ڈاکٹر شفیع ایوب نے بدلتے حالات میں ماس کمیونیکیشن کی اہمیت کو سمجھنے اور سمجھانے پر زور دیا۔ بال بھارتی ، پونے کے اردو انچارج خان نوید الحق نے نصاب کی تیاریوں کے حوالے سے کار آمد گفتگو کی۔ ممبئی سے تشریف لائے ایجوکیشن آفیسر ناصر علی نے اہل گورکھپور اور گورکھپور یونیورسٹی کے اساتذہ و طلباء کا شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے سیمینار میں اپنی موجودگی سے اپنی علم دوستی کا ثبوت پیش کیا ۔ ممبئی کے ممتاز مفکر اور اردو استاد ریاض الحسن صاحب نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت بھی بہت ضروری ہے۔ اور اچھی تربیت کے لیے گل بوٹے جیسے رسائل بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ مشہور گلوکار اور شیخ شہید مہیلا پی جی کالج مدن پور کے پرنسپل ڈاکٹر شاکر علی خان نے نیو ایجوکیشن پالیسی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کو نیو ایجوکیشن پالیسی کے اہم نکات کو ٹھیک سے سمجھنا چاہئے۔ نیو ایجوکیشن پالیسی میں مادری زبان کے حوالے سے جو نکات پیش کیے گئے ہیں انہیں اردو آبادی کو باریکی سے سمجھ لینا چاہیے ۔ پروگرام میں بڑی تعداد میں طلباء و ریسرچ اسکالرز نے شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر شعبہ اردو کے استاد اور بچوں کے ادیب ڈاکٹر محبوب حسن نے بڑے دلکش انداز میں مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

Recommended