Urdu News

نائب صدر جمہوریہ نے اپنی رہائش گاہ پر اسکولی بچوں کے ساتھ ہولی منائی

نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو

 نئی دہلی، 18 مارچ 2022:

نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج اُ پ راشٹریہ پتی نواس پر اسکولی بچوں اور سکریٹیرئیٹ اسٹاف کے ساتھ ہولی منائی۔ دہلی کے چار اسکولوں، جس میں ایم سی ڈی کے ذریعہ چلائے جانے والے اسکول بھی شامل ہیں، کے بچوں نے ہولی کے  موقع پر نائب صدر جمہوریہ کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ بچوں کو حب الوطنی پر مبنی نظمیں پڑھتے ہوئے دیکھ کر نائب صدر جمہوریہ بہت خوش ہوئے۔

 

ایک طالب کے ذریعہ پوچھے گئے اس سوال، کہ کیا وہ کبھی مایوس ہوتے ہیں، کے جواب  میں جناب نائیڈو نے کہا، ’’نہیں، میں کبھی مایوس نہیں ہوتا، تاہم کبھی کبھی، جب کچھ اراکین پارلیمنٹ ایوان کے معیار کے مطابق برتاؤ نہیں کرتے تو مجھے افسوس ہوتا ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپنی مضبوط قوت ارادی کے لیے انہیں سردار پٹیل سے ترغیب حاصل ہوتی ہے۔

نائب صدر جمہوریہ سے یہ پوچھے جانے پر کہ وہ اپنے دفتری فرائض اور کنبہ کے فرائض کے درمیان توازن کیسے قائم کرتے ہیں ، جناب نائیڈو نے کہا، ’’اپنے فعال سیاسی کریئر کے دوران، میں اپنے کنبہ کو خاطرخواہ وقت نہیں دے پاتا تھا، لیکن نائب صدر بننے کے بعد، اب میں اپنے کنبہ کے ساتھ وقت گزارنے کی کوشش کرتا ہوں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’نائب صدر اور راجیہ سبھا کا چیئرمین ہونے کی حیثیت سے، مجھ پر آئینی فرائض اور ذمہ داریاں عائدہوتی  ہیں جنہیں مجھے انجام دینا ہے، تاہم میں اپنی پوتی اور پوتے سے بات کرنےکو بھی ترجیح دیتا ہوں۔‘‘

 

نائب صدر جمہوریہ نے بچوں کو اپنی ماں، مادروطن اور مادری زبان کا ہمیشہ احترام کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے بچوں کو بتایا کہ، ’’ملک کے اتحاد، سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ لیے کام کیجئے۔‘‘ ’ایک دوسرے کی پرواہ کرنے‘ سے متعلق ہمارے قدیم تہذیبی اقدار کو اجاگر کرتے ہوئے، جناب نائیڈو نے طلبا سے ہمدردانہ رویہ کو فروغ دینے کی اپیل کی۔

اس سے قبل، صدر جمہوریہ جناب رام ناتھ کووِند اور نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے فون پر ایک دوسرے کو ہولی کی مبارکباد پیش کی۔ جناب نریندر مودی نے بھی ہولی کے مبارک موقع پر نائب  صدر جمہوریہ کو نیک خواہشات اور مبارکباد کا پیغام  ارسال کیا۔

Recommended