حصول علم کے ساتھ ساتھ اسکولوں میں وقت بوقت منعقد ہونے والے تہذیبی، تخلیقی و ثقافتی پروگرام ہمارے معاشرے میں بیداری لانے میں بے حد معاون ثابت ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار البرکات پبلک اسکول علی گڑھ میں منعقدہ سالانہ تقریب ”کاوِش2022 ‘‘کا افتتاح کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی جناب گورَو دَیال (آئی. اے. ایس)، کمشنر، علی گڑھ نے کیا۔
انہوں نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ زندگی میں ایک کامیاب شخص بننا چاہتے ہیں تو تعلیم حاصل کرنے کے علاوہ اس طرح کے تہذیبی، تخلیقی اور ثقافتی پروگراموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور لوگوں کے سامنے اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔
البرکات پبلک اسکول نے بہت ہی کم وقت میں علی گڑھ اور بیرون علی گڑھ اپنی ایک انفرادی شناخت قائم کی ہے جو کہ آج کے اس مقابلہ جاتی دور میں نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ البرکات ظاہری طور ضرور ایک نیا ادارہ ہے لیکن اس کا تعلق خانقاہِ برکاتیہ کی ۰۵۳/ سال پرانی تعلیمی و تربیتی تحریک سے ہے۔
مہمانِ اعزازی پروفیسر سنگیتا شکلا، وائس چانسلر چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی، میرٹھ نے کہا کہ البرکات میں آکر بہت ہی خوشی محسوس کر رہی ہوں کیوں کہ البرکات ایجوکیشنل سوسائٹی نے جس مشن کے لیے اس کو تعمیر کیا ہے اسے میں یہاں دیکھ رہی ہوں اور میں البرکات سوسائٹی سے گزارش کرتی ہوں کہ ایسے اسکول پورے ہندوستان میں کھولنے کی کاوِش کریں۔
یہاں آکر مجھے یہ بھی معلوم ہوا کہ اس اسکول میں امیر بچے ہی نہیں بلکہ غریب بچوں کو بھی اْسی ماحول میں اعلیٰ تعلیم کی سہولت فراہم کی جاتی ہے صدر جلسہ پروفیسر سید محمد امین قادری نے کہا کہ ہمارا مقصد طلبہ کو اچھی تعلیم دینے کے ساتھ ان کی شخصیت سازی کر کے ملک کی فلاح و بہبود میں حصہ لینے والا ایک ذمہ دار شہری بنانا ہے۔ آج کے اس دور میں تعلیم کے ساتھ ثقافتی اور تہذیبی سرگرمیوں کی بھی بہت اہمیت ہے جس سے طلبہ کی مکمل جسمانی اور ذہنی تربیت ہوتی ہے۔
سابق انکم ٹیکس کمشنر سید محمد اشرف نے کہا کہ مشترکہ کاوشوں سے آپ کسی بھی بڑے سے بڑے مقصد کو حاصل کر سکتے ہیں اور اس کی مثال آج کا یہ عالی شان پروگرام ہے، جس میں ہمارے قابل اساتذہ نے بہت ہی کم وقت ملنے کے باوجود طلبہ کو اس پیمانے کے پروگرام کے لیے تیار کر کے پروگرام کو کامیاب بنانے میں جو محنتیں اور کوششیں کی ہیں وہ قابل تعریف ہیں۔مہمانان کا خیر مقدم کرتے ہوئے البرکات کے جوائنٹ سکریٹری ڈاکٹر احمد مجتبیٰ صدیقی نے کہا کہ البرکات پڑھائی کے ساتھ ساتھ دیگر ثقافتی، اخلاقی اور تخلیقی سرگرمیوں پر بھی برابر دھیان دے رہا ہے جس سے البرکات میں نت نئی صلاحیتیں سامنے آرہی ہیں اور ہمارے طلبہ مختلف میدانوں میں اپنی موجودگی درج کرا رہے ہیں۔
طلبہ کی صلاحیتیں مستقبل میں ایک بہتر معاشرہ بنانے میں معاون ہوں اور ملک کا نام بھی روشن کریں گی، یہ ہماری دعا ہے۔ سالانہ رپورٹ پیش کر تے ہوئے اسکول کی پرنسپل صبیحہ خان نے طلبہ و طالبات کی گزشتہ برس کے کارناموں اور تعلیمی ترقی کی جانکاری دی۔ جن میں اسکول کے طلبہ نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے صد فیصد نتیجے حاصل کیے۔
پروگرام کا آغاز قرآن کریم کی تلاوت کے ساتھ ہوا، اس کے بعد نعت پاک پڑھی گئی۔ اس موقع پر اسکول کے طالب علموں نے خاص طور سے بنائے گئے اسٹیج پر رنگا رنگ پروگرام پیش کر کے ناظرین کو محظوظ کرایا۔اسکول کے مڈل ونگ کے انچارج ڈاکٹر احمر امام نے سبھی مہمانوں کا اس موقع پر شریک ہونے کے لیے شکریہ ادا کیا۔
پروگرام کی نظامت البرکات پبلک اسکول کی استانی فاطمہ مراد اور انعم اقبال نے انجام دی۔ اس موقع پر البرکات ایجوکیشنل سوسائٹی کی ایکزیکیوٹو کمیٹی کے رکن سید محمد عثمان، نبیل اشرف، ایف. یو. صدیقی،پروفیسر صغیر افراہیم بیگ، کفیل احمد، وسیم احمد، اسکول کی نائب پرنسپل طاہرہ حسین، محمد اکبر قادری، احمر امام، ہیڈ مسٹریس شاداب امام کے علاوہ یونیورسٹی اور شہر کے معززین کے ساتھ اساتذہ، طلبا اور سرپرست بھی بڑی تعداد میں موجود رہے۔
رجنی کانت کی ’جیلر‘ جمعرات کو ریلیز ہوئی۔ فلم کو پہلے دن سینما گھروں میں…
مضمون نگار: زبیر قریشی میری ماٹی، میرا دیش مہم نے وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع…
جموں و کشمیر کی یونین ٹیریٹری میں تنظیم نو کے بعد ہونے والی اہم تبدیلیوں…
شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ سے تعلق رکھنا والا محمد مقبول ڈار نامی قالین…
زعفران کی جی آئی ٹیگنگ کے بعد، کسانوں نے اس کی پیداوار میں اضافہ کیا…
سری نگر میں، لال چوک پر نئے تجدید شدہ تاریخی کلاک ٹاور ایک خوشگوار حیرت…