Urdu News

دارالحکومت دہلی میں یکم نومبر سے تمام اسکول کھل جائیں گے

دارالحکومت دہلی میں یکم نومبر سے تمام اسکول کھل جائیں گے

طویل عرصے کے بعد دارالحکومت دہلی میں تمام کلاسوں کے لیے اسکول کھولے جانے کی منظوری دی گئی ہے۔ دہلی کے وزیر تعلیم منیش سسودیا نے اعلان کیا کہ یکم نومبر سے تمام سرکاری اور نجی اسکول اپنے یہاں زیر تعلیم بچوں کو اسکول میں مدعو کر سکیں گے۔ تاہم بچوں کوا سکول آنے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔ اس کے لیے کچھ شرائط بھی ہیں جن پر عمل کرنا ضروری ہے۔

دہلی کے وزیر تعلیم منیش سسودیا نے کہا کہ ماہرین کی کمیٹی کا کہنا ہے کہ بچوں کو بہت نقصان ہواہے۔ اس نقصان کو پورا کرنے میں کافی وقت لگے گا۔ اب جب کہ دہلی میں کورونا وبا کی صورتحال قابو میں ہے، اسکولوں کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مذکورہ تاریخ کے بعد والدین کی اجازت سے بچوں کو اسکول بلایا جاسکتا ہے۔

ان باتوں کا خیال رکھنا ہوگا

50 فیصد سے زیادہ طلبا کو نہیں بلایا جائے گا

کلاسز آن لائن بھی ہوں گی

اگر والدین نہ چاہیں تو بچوں کوا سکول آنے پر مجبور نہیں کیا جائے گا

اسکول کے تمام عملے کو ٹیکے لگے ہوں، جن کو ٹیکے نہیں لگے، انہیں ٹیکے لگوانے کے احکامات

کورونا سے متعلق دیگر شرائط جیسے سینیٹائزیشن، ماسک اور سماجی فاصلے پر عمل کرنا ضروری ہے

قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل دہلی حکومت نے صرف نویں جماعت سے اوپر کے بچوں کے لیے اسکول کھولنے کی اجازت دی تھی۔ اس معاملے پر فیصلہ لینے کے لیے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ اسی کمیٹی نے پہلی نومبر سے اسکول کھولنے کی تجویز دی ہے۔

Recommended