Urdu News

اردو زبان میں آرٹ اور ڈیزائننگ کی تعلیم وقت کی ضرورت:ڈاکٹر عقیل احمد

ڈاکٹر شیخ عقیل احمد

پیپرمیشی کورس کے سلسلے میں سی ڈی آئی،سری نگر سے قومی اردو کونسل کا معاہدہ

نئی دہلی،16جولائی(انڈیا نیرٹیو)

روایتی آرٹ اور پیپر میشی کے فن کو اردو زبان کے ذریعے فروغ دینے کے لیے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے زیر اہتمام ششماہی پیپر میشی کورس کروایا جاتا ہے،جس سے اب تک سیکڑوں طلبا و طالبات استفادہ کرچکے ہیں۔ اس سلسلے میں کونسل نے کرافٹ ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ،سری نگر سے نیا معاہدہ کیا ہے۔ اب یہ کورس کونسل کے زیر اہتمام سی ڈی آئی سری نگر کے ذریعے کرایا جائے گا۔ آج اس سلسلے میں کونسل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد کی سی ڈی آئی کے ڈائریکٹر ناظم زئی خان کے ساتھ خاص میٹنگ ہوئی جس کے دوران مذکورہ کورس کو بہتر سے بہتر بنانے اور زیادہ سے زیادہ طلبہ و طالبات تک اس کی رسائی کو ممکن بنانے پر غور و خوض کیا گیا۔

ڈاکٹر عقیل نے کہا کہ کونسل کے زیر اہتمام اس کورس کو کرانے کا مقصد یہ ہے کہ ہم اردو زبان میں ڈزائننگ اورآرٹ و کرافٹ کے فن کی تعلیم و تربیت فراہم کریں،اس طرح  ہم پیپرمیشی کی صنعت کے فروغ میں بھی اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں اور ساتھ ہی اس کو اردو زبان کے فروغ و تشہیر کا بھی ذریعہ بناسکتے ہیں۔

اس موقعے پر سی ڈی آئی ڈائریکٹر نے خاص دل چسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ادارہ چوں کہ آرٹ،ڈزائننگ اور فنکاری کی تعلیم میں ہی سرگرم ہے،لہذا ہمارے لیے پیپر میشی کے کورس کو کامیابی کے ساتھ چلانا آسان ہوگا اور ہم کونسل کے ساتھ مل کر اس فن کو فروغ دینے کے ساتھ اردو زبان کی ترویج و ترقی میں بھی اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔

میٹنگ میں محترمہ حنا قاضی(کوآرڈینیٹر پیپرمیشی سی ڈی آئی)،کونسل سے ڈاکٹرشمع کوثر یزدانی(اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکیڈمک)،شاہنواز محمد خرم (ریسرچ آفیسر) اور افضل حسین خان(ریسرچ اسسٹنٹ) بھی موجود رہے۔

Recommended