Urdu News

سرسید کی فکر کو آگے بڑھا رہی ہے آل انڈیا مسلم ایجوکیشنل کانفرنس: پروفسیر محمد گلریز

سرسید کی فکر کو آگے بڑھا رہی ہے آل انڈیا مسلم ایجوکیشنل کانفرنس: پروفسیر محمد گلریز

سرسید احمد خاں کی فکر اور انکی خدمات سے نئی نسل کی ناواقفیت بڑھتی جارہی ہے اس طرف توجہ کی ضرورت ہے،آل انڈیا مسلم ایجوکیشنل کانفرنس نے اس جانب پیش قدمی کی ہے وہ قابل ستائش ہے۔

ان خیالات کا اظہار مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے کیا وہ گزشتہ روزمسلم ایجوکیشنل کانفرنس کے مرکزی دفتر سلطان جہاں منزل میں جاری رینویشن کے کام کا معائنہ کررہے تھے،انھوں نے کانفرنس کے شاندار ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلم یونیورسٹی کے قیام میں اس ادارہ کا اہم رول رہا ہے۔

اس کے مقاصد کو تقویت دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے،کانفرنس کے آنریری جنرل سیکریٹری پروفیسر رضاء اللہ خاں اور جوائنٹ سیکریٹری اسد یار خاں نے پروفیسر محمد گلریز کا استقبال کرتے ہوئے انھیں کانفرنس کی کارکردگی اور سلطان جہاں منزل کے رینو یشن کے کام کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور فاؤنڈیشن اسٹون سمیت پوری بلڈنگ میں جاری کام کو دکھایا جس پر وائس چانسلر موصوف نے اظہارِ اطمنان کیا۔

آل انڈیا مسلم ایجوکیشنل کانفرنس کے صدر پدم شری پروفیسر حکیم سید ظل الرحمن نے بیگم سلطان جہاں اور بھوپال سے علی گڑھ کے رشتوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور بیگم سلطان جہاں کی خصوصی دلچسپی کے متعدد واقعات کو گوش گذار کرایا۔

اس موقع پر موجود مسلم یونیورسٹی کے پروکٹر پروفیسر محمد وسیم علی نے خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے رینو ویشن کے کام کو سراہا اورکہا کہ یہ عصرِ حاضر کا تقاضہ ہے کہ نئی نسل کو مسلم ایجوکیشنل کانفرنس کی خدمات سے واقف کرایا جائے،وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز کے استقبال کے موقع پر خورشید احمد خاں، محمد احمد شیون اور پروفیسر ضیاء الرحمن،جمال مصطفی موجود رہے۔

Recommended