سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) کی طرف سے منگل کے روز 10ویں کے تنائج کا اعلان کردیا گیا۔ دسویں جماعت کے نتائج اب تک کے بہترین نتائج میں سے ہیں۔ یہ شاید پہلا موقع ہے کہ تقریباً تمام طلبا نے امتحانات پاس کر لیا ہے۔ بورڈ کے امتحانات میں 99.04 فیصد طلباکامیاب ہوئے ہیں۔ یہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 8 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال 91.46 فیصد طلبا نے امتحانات میں کامیابی حاصل کی تھی۔
سی بی ایس ای کی آفیشل ویب سائٹ پر اعلان کردہ نتائج کے مطابق دسویں جماعت کے امتحانات کے لیے کل 2113767 امیدواروں نے اندراج کرایا تھا، جن میں سے 2097128 طلبا کے نتائج جاری کیے گئے ہیں۔ 16639 طلبا کے نتائج ابھی تیار نہیں ہوئے ہیں اور ان کے نتائج کا اعلان بعد میں اعلان کیا جائے گا۔ 57824 طلبا نے 95 فیصد سے اوپر جب کہ دو لاکھ سے زائد نے 90 اور 95 فیصد کے درمیان اسکور کیے ہیں۔ اس سال کو ئی میرٹ لسٹ کا اعلان نہیں کیا جائے گا۔
زون کے لحاظ سے سی بی ایس ای دسویں کے نتائج میں تریویندرم سرفہرست رہا۔ تریویندرم میں 99.99 فیصد رزلٹ آیا ہے۔ دوسرے نمبر پر بنگلورو 99.96 فیصد ہے۔ اس کے بعد چنئی – 99.94 فیصد، پونے – 99.92 فیصد، اجمیر – 99.88 فیصد، پنچکولہ- 99.77 فیصد، پٹنہ – 99.66 فیصد، بھونیشور – 99.62 فیصد، بھوپال – 99.47 فیصد، چنڈی گڑھ – 99.46 فیصد، دہرادون – 99.23 فیصد، پریاگ – 99.19 فیصد، نوئیڈا – 98.78 فیصد، دہلی ویسٹ – 98.74 فیصد، دہلی ایسٹ – 97.80 فیصد اور گوہاٹی – 90.54 فیصدکا نمبر رہا ہے۔
دہلی کے 98.19 فیصد بچے دسویں جماعت میں پاس ہوئے ہیں۔ غیر ملکی طلبا کے نتائج 99.92 فیصد رہے ہیں۔ کیندریہ ودیالوں کا نتیجہ 100 فیصد رہا۔
سی بی ایس ای 10 ویں کے نتائج میں لڑکیوں نے لڑکوں سے 0.35 فیصدبہتر مظاہرہ کیا ہے۔ امتحان کے لیے رجسٹرڈ ہونے والی 99.24 فیصد لڑکیاں پاس ہوئی ہیں، جبکہ لڑکوں کے پاس ہونے کا تناسب 98.89 فیصد ہے۔ امتحانات کے لیے رجسٹرڈ تمام ٹرانسجینڈرطلبا نے اسے کلیئر کر لیا ہے۔
سیکورٹی کے لحاظ سے اس بار سی بی ایس ای رجسٹریشن میں موبائل نمبر اور او ٹی پی رکھا گیا ہے۔ ڈیجیٹل لاکر میں مارک شیٹکو سیو کیا جا سکتا ہے۔ مارک شیٹ طلباتک ای میل کے ذریعے پہنچ جائے گی۔
سی بی ایس ای نے 21.5 لاکھ سے زائد طلبا کے لیے ایک مشترکہ مارک شیٹ کم سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عام طور پر مارک شیٹ اور سرٹیفکیٹ دو مختلف دستاویزات ہوتے ہیں۔ اس سال میرٹ لسٹ یا 0.1 فیصد میرٹ لسٹ بھی جاری نہیں کی جائے گی۔
ملک بھر سے 21.5 لاکھ سے زائد طلبا نے سی بی ایس ای کلاس 10 کے امتحانات۔ 2021 کے لیے اندراج کرایا تھا۔ یہ دوسری بار ہے کہ بورڈ کے امتحانات کورونا کی وجہ سے منسوخ ہوکر دیئے گئے۔ ایسی صورت حال میں نتائج انٹرنل اسمنٹ کی بنیاد پر تیار کئے گئے ہیں۔ بورڈ نے 30 جولائی کو 12 ویں کلاس کے نتائج کا اعلان کیا تھا۔