Urdu News

جامعہ ملیہ اسلامیہ میں پرفارمنگ آرٹس پر چارروزہ ورکشاپ اختتام پذیر

جامعہ ملیہ اسلامیہ میں پرفارمنگ آرٹس پر چارروزہ ورکشاپ اختتام پذیر

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ڈپارٹمنٹ آف ٹیچر ٹریننگ اینڈ نان فارمل ایجوکیشن میں چارروزہ پرفارمنگ آرٹس ورکشاپ کااختتامی سیشن فیکلٹی آف ایجوکیشن کے نیو ہال میں منعقد ہوا۔جامعہ کی روایت کے مطابق پروگرام کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے ہوا۔

اس موقع پر وکشاپ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر انصاراحمد نے حاضرین اور زیرتربیت معلمین کا خیرمقدم کیا اورورکشاپ کی مختصر رپورٹ پیش کی۔صدر شعبہ پروفیسر ناہید ظہورنے سبھی زیر تربیت معلمین ومعلمات کو ورکشاپ مکمل کرنے پر مبارک باد پیش کی اور اپنے خطاب میں کہاکہ اب تدریس میں پرفارمنگ آرٹس کی شمولیت ایک لازمی جز کے طورپر ہوگئی ہے۔ہمیں تدریس میں چہرے کے خدوخال، باڈی لینگویج، اشاروں اور کنایوں کے ساتھ تھیٹر اورڈراموں کے ذریعے تدریس کو موثر اور جامع بنانے پر غورکرنے کی ضرورت ہے۔

نئی نسل کی آموزش کے طریقوں میں اب دوررس تبدیلیاں آئی ہیں جس کے مطابق اب اساتذہ کوبھی خودکوحسب حال بنانے کی ضرورت ہے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کاڈپارٹمنٹ آف ٹیچر ٹریننگ زیر تربیت معلمین کو وقت اور سماج کے تقاضوں سے روشناس کراکے ان کے مطابق ضروری مہارتیں فروغ دینے پر اپنی توجہ مرکوزرکھتاہے۔واضح رہے کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کا شعبہ تعلیم مہاتماگاندھی اور ڈاکٹرذاکر حسین جیسے قومی لیڈروں کی سرپرستی میں قائم ہوا۔

 آج بھی جامعہ قومی سطح پر اردو، ہندی اور انگلش میڈیم کے اساتذہ تیارکرتاہے۔ورکشاپ میں زیرتربیت معلمین نے اپنے تاثرات بھی پیش کیے اور ورکشاپ میں پیش کیے گئے موضوعات کو سراہا۔اس موقع پرجامعہ ملیہ اسلامیہ کے اسسٹنٹ پراکٹرڈاکٹرمحمد اسجد انصاری بھی موجودتھے۔پروگرام میں زیر تربیت معلمین نے پرفارمنگ آرٹس کے ذریعے ایک ڈرامہ بھی پیش کیا جسے حاضرین نے خوب سراہا۔اس پروگرام میں دہلی کے مختلف تعلیمی اداروں اور دانشگاہوں سے متعلقہ مضمون کے ماہرین کو مدعوکیا گیا تھا تاکہ ورکشاپ کو کارآمد بنایاجاسکے۔پروگرام ڈاکٹر انصار احمدکے اظہارتشکر پر اختتام پذیر ہوگیا۔

Recommended