پٹنہ، 2 نومبر(انڈیا نیرٹیو)
گزشتہ کئی دنوں سے انتظار کر رہے اردو مترجم، معاون اردو مترجم کے امتحان میں ہوئے کامیاب طلبا و طالبات کے لیے ایک اچھی خبر ہے۔ بہار اسٹاف سلیکشن کمیشن کے ذریعے منعقدہ امتحان میں کامیاب ہوئے اردو مترجم، معاون اردو مترجم امیدواروں کی کونسلنگ کے بعد 3 نومبر 2022 کو وزیر اعلی نتیش کمار کے ہاتھوں کامیاب طلبا میں تقرری نامہ تقسیم کیا جائے گا۔
سی ایم سکریٹریٹ احاطہ میں واقع سنواد بھون پٹنہ میں منعقد ہونے والی تقرر نامہ تقسیم کی تقریب میں شرکت کے لئے کامیاب امیدواروں کو مدعو کیا گیا ہے۔
سکریٹریٹ احاطہ میں منعقد تقریب میں مذکورہ امیدواروں کے علاوہ کسی بھی اضافی آدمی یا کسی دوسرے امید وار کو آنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ باہری افراد کا داخلہ ممنوع رہے گا۔ اسے لے کر اردو کابینہ کے تحت محکمہ اردو ڈائریکٹوریٹ نے تمام تر تیاری مکمل کر لی ہے۔
آنے والے امیدواروں سے کہا گیا ہے کہ وہ تقریب میں داخل ہونے سے قبل اپنا آدھار کارڈ اور ایڈمٹ کارڈ ساتھ میں ضرور رکھیں تاکہ امیدواروں کی شناخت میں سہولت ہو۔ جن کے پاس شناختی کارڈ نہیں ہوگا تو ایسے لوگوں کے داخلے پر کوئی غور نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اردو ڈائریکٹوریٹ کے تحت منعقدہ اردو مترجم امتحان میں بڑی تعداد میں امیدوار کامیاب ہوئے تھے۔ مگر رزلٹ شائع ہونے میں تاخیر اور تقرری نامہ نہیں ملنے کی وجہ سے امیدوار مایوس ہو رہے تھے۔ حالانکہ اب کامیاب اردو مترجم امیدواروں کے لئے یہ ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے۔