Urdu News

پٹنہ کے چانکیہ ہوٹل میں اقوام متحدہ فنڈ برائے آبادی کامدارس کے نصاب کی تشکیل پرعظیم اجلاس

پٹنہ کے چانکیہ ہوٹل میں اقوام متحدہ فنڈ برائے آبادی کامدارس کے نصاب کی تشکیل پرعظیم اجلاس

نئی دہلی (7 ؍فروری)

 اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے اقوام متحدہ فنڈ برائے آبادی(UNFPA)   کا ایک عظیم اجلاس پٹنہ کے چانکیہ ہوٹل میں منعقد ہوا۔اس دوروزہ اجلاس( 7-8فروری)کی افتتاحی تقریب پٹنہ کے چانکیہ ہوٹل میں نامورماہرین تعلیم اوردانشوران کی موجودگی میں عمل میں آئی۔

پروجیکٹ ڈائرکٹرپروفیسر اعجازمسیح نے ورکشاپ کے مقاصد اور تیارکردہ ماڈیولزسے حاضرین کوروشناس کرایا۔بہاراسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے سکریٹری محمد سعید انصاری نے نصاب کو معنی خیز اورانقلابی قراردیا اور امید ظاہر کی کہ یہ ماڈیولز مدارس کے طلبا وطالبات کے زندگیوں کو بدلنے میں اہم رول اداکریں گے۔

مولانامظہرالحق عربی اور فارسی یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ ڈاکٹرمحمد عالمگیرنے اس موقع پر خصوصی خطاب کیا اور اس پروگرام کے ذریعے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس کی افادیت پر زوردیا۔

تقریب میں امارت شرعیہ پھلواری شریف کے جنرل سکریٹری اورمشہورعالم دین مولاناانیس الرحمان قاسمی ، پٹنہ کے مشہورسرجن ڈاکٹرعبدالحی، امام بخاری یونیورسٹی کے بانی ڈاکٹرمطیع الرحمان سلفی،شفیع مشہدی، محترمہ فرحت حسن اورڈاکٹرارشد اکرام کے علاوہ بہت سے پروفیسر صاحبان اور ماہرین نے خطاب کیا۔

افتتاحی تقریب کے بعد ٹیکنکل سیشن منعقد ہوئے جن میں تفصیل سے چارماڈیولز کو پیش کیا گیا اور ان پر ماہرین تعلیم نے قیمتی مشورے اور تجویزیں پیش کیں تاکہ ان کو مزید مفید، جامع اور بہتر بنایاجاسکے۔

دوماڈیولز جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ڈاکٹرمحمد اسجد انصاری نے پیش کیے ، ایک ماڈیول دہلی یونیورسٹی کے شعبہ عربی سے ڈاکٹر نعیم الحسن اور ایک ماڈیول جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ڈپارٹمنٹ آف ایجوکیشنل اسٹڈیز کے صدرشعبہ ڈاکٹر ارشد اکرام نے پیش کیا۔یواین ایف پی اے نے ـ  ’تعلیم نوبالغاں پروگرام‘  کے نام سے 2018  میں بہارکے مدارس کے لیے ایک بڑے پروجیکٹ کاآغازکیاتھا۔2020 میں تحتانیہ سطح کے مدارس کے لیے  ’’دریچۂ آگہی‘‘  کے نام سے  دوجلدوں پر مشتمل پانچ ماڈیول کااجراعمل میں آیا تھا اور بہار کے 34 اضلاع میں اس کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔

اب وسطانیہ سطح کے لیے مزید دوجلدوں پر مشتمل پانچ ماڈیولز کو حتمی شکل دینے کے لیے تیارکردہ ماڈیولز کو ماہرین تعلیم کے سامنے پیش کیا گیا۔واضح رہے کہ ماڈیولز پر مبنی اس متوازی نصاب کی تشکیل کا کام جامعہ ملیہ اسلامیہ ، نئی دہلی بحسن وخوبی انجام دے رہی ہے۔

شعبہ تعلیمی مطالعات، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے پروفیسر اعجازمسیح اس پروجیکٹ کے ڈائرکٹرہیں۔اس کے عملی نفاذ کی ذمے داری مولاناآزادنیشنل اردویونیورسٹی کے سپردہے۔اس میں اس بات کی کوشش کی گئی ہے کہ نصاب قرآن وحدیث اصولوں کے عین مطابق ہو اور اسلامی تعلیمات سے متعارض نہ ہو۔

Recommended