Urdu News

اعلیٰ تعلیم تک رسائی کو فروغ دینے میں اگنو کا قابل ستائش کردار: صدر

 صدر دروپدی مرمو

نئی دہلی، 03 اپریل (انڈیا نیرٹیو)

 صدر دروپدی مرمو نے پیر کو کہا کہ اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی (اگنو) نے ‘اعلی تعلیم تک رسائی’ کو فروغ دینے میں قابل ستائش کردار ادا کیا ہے۔صدر جمہوریہ اگنو کے 36ویں کانووکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہی تھیں۔

صدر مملکت نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ آج ڈگریاں، ڈپلومہ اور اسناد حاصل کرنے والے 2 لاکھ 80 ہزار طلبا  میں سے طالبات کی تعداد تقریباً 55 فیصد ہے۔ گولڈ میڈل جیتنے والوں میں نصف سے زیادہ طالبات ہیں۔

انہوں نے کہا، اگنو نے ‘اعلی تعلیم تک رسائی’ کو فروغ دینے میں قابل ستائش کردار ادا کیا ہے۔ مجھے یہ جان کر خاص طور پر خوشی ہوئی کہ کل طلبا میں سے تقریباً 50 فیصد طلبا  کا تعلق دیہی ماحول سے ہے اور 50 فیصد خواتین ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ تعلیم کی روشنی اندھیروں میں روشنی پھیلاتی ہے۔ مجھے یہ جان کر خاصی خوشی ہوئی کہ جیل کے ہزاروں قیدی بھی اگنو  سے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ یہ تعلیم جیل کے قیدیوں کی بحالی اور جیل سے رہائی کے بعد ان کے لیے بہتر زندگی شروع کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے طلبا کو اپنی ذمہ داریوں اور حالات کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ اگنو جیسے ادارے ایسے طلبا کو تعلیم فراہم کرنے میں مدد کر رہے ہیں۔ اس طرح فاصلاتی تعلیم کی وسیع سماجی و اقتصادی افادیت ہے۔

یونیورسٹی کی ترقی کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے اگنو کے وائس چانسلر ناگیشور راؤ نے کہا کہ یہ دنیا کی سب سے بڑی یونیورسٹی ہے۔ اس وقت یہاں 35 لاکھ طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ اس میں 40 دیگر ممالک کے طلبا   بھی شامل ہیں۔

Recommended