لائبریری اور کتاب سے محبت کے حوالے سے مولوی خدا بخش کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ خدا بخش اوریینٹل پبلک لائبریری ہندستان کے مشہور ترین اداروں میں سے ایک ہے جہاں قدیم مخطوطات جمع ہیں ۔اس کا قیام 1891میں عمل میں آیا۔اس لائبریری کو بنانے میں مولوی خدا بخش نے اپنی زندگی صرف کر دی ۔انہیں کتابوں سے جنون کی حد تک عشق تھا۔اس کتب خانے میں آج بھی صوفیوں کے قلمی نسخے اور عہد مغلیہ میں تخلیق کی گئی کتابوں کے اصل نسخے موجود ہیں۔
مولوی خدا بخش کو اگر پتہ چل جاتا کہ دور دراز علاقے میں کسی کے پاس کوئی قیمتی کتاب ہے تو وہ صرف اس ایک کتاب کے لیے بھی سفر کی دشواریاں قبول کر لیتے،اور کسی بھی قیمت پر کتاب حاصل کر کے رہتے۔خدا بخش کو اپنی کتابوں سے بڑی محبت تھی،ایک بار برٹش میوزیم نے ان کتابوں کو خریدنے کے لیے بیش بہا رقم دینے کی کوشش کی ،مگر خدا بخش نے اسے بھی ٹھکرا دیا ۔