اردو اساتذہ کی تقرری سے متعلق اردو اکادمی،دہلی کا تعلیمی اداروں اور اردو اکادمیوں کو مکتوب
دہلی سب آرڈینیٹ سرسیز سلیکشن بورڈ(ڈی ایس ایس ایس بی) نے ڈائرکٹریٹ آف ایجوکیشن، حکومتِ دہلی کی جانب سے اردو اساتذہ کے تقرر کے لیے917 اسامیوں پر جو درخواستیں طلب کی ہیں، اس سلسلے میں اردو اکادمی، دہلی کے وائس چیئرمین حاجی تاج محمد نے ملک کی صوبائی اکادمیوں، یونیورسٹیوں، کالجوں/تعلیمی اداروں اور ملی اداروں کو خطوط لکھے ہیں
جن میں ان سے درخواست کی گئی ہے کہ917 اردو اساتذہ کی تقرری سے متعلق معلومات مشتہر کرائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ اردو اساتذہ آن لائن فارم بھرسکیں۔ انھوں نے یہ قدم اس بنیاد پر اٹھایا ہے کہ دہلی میں بعض قیود جیسے عمر کی قید اور سی ٹیٹ کی قید کے سبب کہیں یہ سیٹیں خالی نہ رہ جائیں اور اردو والے پھر ہاتھ ملتے رہ جائیں۔
انھوں نے اپنے خط میں کہا ہے کہ دہلی سب آرڈینیٹ سروسیز سلیکشن بورڈ کے ذریعہ ٹی جی ٹی (اردو) کی 917 اسامیوں سے متعلق معلومات کو کالجوں / تعلیمی اداروں میں مستحق طلبا کے درمیان وسیع پیمانے پر تشہیر کے لیے براہ کرم اپنے دفاتر کا بخوبی استعمال کریں۔انھوں نے یہ معلومات واٹس ایپ، فیس بک اور دیگرسوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعہ مشتہر کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے
تاکہ دلچسپی رکھنے والے اہل امیدوار اردو زبان کی خدمت بھی کریں اور اپنا کیریئر بنانے کے لیے اس نادر موقع سے فائدہ بھی اٹھاسکیں۔ اردو اساتذہ کے تقرر کے لیے اشتہار کی تفصیلاتhttps://dssbonline.nic.in پر دیکھی جاسکتی ہیں۔ آن لائن درخواست 4 جون 2021 سے شروع ہو چکی ہیں جو 3 جولائی 2021 (رات11.59 بجے تک) جاری رہیں گی۔