Urdu News

مدرسہ جدید کاری اساتذہ 6 سال سے بغیراعزازیہ پڑھانے پرمجبور

جناب تاج الدین انصاری

ہرسال درجنوں ہوتی ہیں جانچ،جانچ کے نام پر رشوت خوری عروج پر،اساتذہ نے کیا بقایاجات اداکرنے کا مطالبہ

ابوشحمہ انصاری، بارہ بنکی

مدرسہ جدید کاری اساتذہ 6 برسوں سے بغیر تنخوا ہ کے مدارس میں کام کرنے پر مجبور ہیں۔بچوں کا مستقبل سنوارنے والوں کا مستقبل تاریک ہوتا جا رہا ہے۔اور سرکار کا نعرہ سب  کا ساتھ سب کا وکاس محض ایک نعرہ ہی بن کر رہ گیا ہے۔تمام تیوہاروں کی طرح رمضان کا مہینہ بھی خالی جا رہا ہے اب عید بھی آرہی ہے اگر ایسا ہی رہا تو میٹھی عید کڑوی ہی گزرے گی۔اس کے علاوہ ستم ظریفی یہ کہ روز جانچ کے اوپر جانچ ہو رہی ہیں۔ سال بھر میں ان سے درجنوں بار جانچ کے نام پر ایک خطیر رقم کی وصولی بھی ہوتی رہتی ہے۔اب تو حالت یہ ہو گئ ہے کہ يہ سائنس اساتذہ فاقہ کشی  کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔ سوال اس بات کا ہے کہ کیا سرکار صرف زبانی جمع خرچ کرتی رہے گی یاانکےلئےکچھ لائحہ عمل تیار کرے گی؟

اس سلسلے میں اتر پردیش مدرسہ منيجر سنگھ کے ریاستی صدر محمد مشید نے بتایا کہ اتر پردیش میں مدرسہ جدید کاری سے ہزاروں اساتذہ وابستہ ہیں جسمیں ہندو مسلم سبھی ہیں اور پوری محنت و ایمانداری سے  کام کر رہے ہیں۔جن کو ریاستی سرکار سے ملنے والا اعزازیہ سال میں ایک دوبار مل بھی جاتا ہے لیکن مرکزی سرکار سے ملنے والا اعزازیہ تقر يبا 59 ما ہ سے نہیں مل سکا ہے جس سے مدارس دینیہ کے یہ محنت کش اساتذہ اپنی بدقسمتی پر آنسو بہا رہے ہیں اور اس آس پر اتنے لمبے عرصہ سے بغیر تنخواھ تعلیم دے رہے ہیں کہ آج نہیں توکل ہمارا اعزازیہ ہم کو مل ہی جائے گا لیکن اب انکا یہ صبر بھی ٹوٹتا نظر آنے لگا ہے اور لوگ استعفیٰ دینے لگے ہیں،کوئی پلا ئن تو کوئی خود کشی پر مجبور ہوئےہیں۔انہوں نے کہا کہ اس محکمہ سے متعلقہ اعلیٰ افسران کی تسا ہلی بھی ان کی پریشانی کا بڑا سبب ہے۔

مدرسہ جدید کاری ایسو سی ایشن کے ریاستی ترجمان ابراہیم انصاری نے بتایا کہ پا نچ سال کا عرصہ تو گزرگیا مگر تنخواھ نہیں ملی ہے پھر بھی ان اساتذہ پر جانچ پر جانچ جاری ہے جبکہ یہ ٹیچر صبح اسکول آتے ہیں اور دوسرے وقت پان کی گمٹی،رکشا،یا کھیتوں میں کام کر کے اپنے اہل و عیال کا کسی طرح پیٹ پالتے ہیں۔انہوں نے بتایا تیوہار پر تیوہار آرہے ہیں لیکن جدید کاری اساتذہ کی جیب خالی کی خالی ہے۔بچوں سے منہ چھپا کر پورا دن گھر نہیں جاتے ہیں۔اب رمضان شریف کے بعد عید جیسا ایک بہت بڑا تیوہار آرہا ہے ہم لوگ اُمید لگائے بیٹھے ہیں کہ ہو سکتا ہے سرکار رحم کھاکر کچھ تنخواھ بھیج دے اور ہم لوگوں کی عید رمضان اچّھے ہو جائیں۔

آل انڈیا ٹیچرس ایسو سی ایشن مدارس عربیہ کے ضلع سکریٹری تاج الدین انصاری نے کہا کہ سائنس ٹیچروں کے متعلق ہو یا اور کوئی مسلہ ہماری تنظیم سبھی کے لئے جدو جہد کرتی رہی ہے ضلع سطح سے لیکر ریاستی سطح پر ہم لوگوں نے سائنس ٹیچروں کی آواز اٹھائی ہے اور آگے بھی اٹھاتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ سرکار کو چاہئے ان کا تمام بقایا ادا کر دے جس سے انکی محنت رائیگاں نہ جائے،اور آنے والی عید میٹھی ہو جائے۔

Recommended