Urdu News

جامعہ ملیہ اسلامیہ میں’بھارت:وشوگرواِن یوگا ایجوکیشن‘پرنیشنل سیمینا راختتام پذیر

جامعہ ملیہ اسلامیہ میں’بھارت:وشوگرواِن یوگا ایجوکیشن‘پرنیشنل سیمینا راختتام پذیر

 مملکتی وزیربرائے تعلیم اور وزارت خارجہ ڈاکٹرراج کمار راجن سنگھ نے شرک کی

 جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ڈپارٹمنٹ آف ٹیچر ٹریننگ اینڈنان فارمل ایجوکیشن میں دوروزہ سیمینار بعنوان ’’بھارت : وشو گرواِن یوگا ایجوکیشن‘‘  پورے تزک واحتشام کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔

اختتامی تقریب فیکلٹی آف انجینیئرنگ آدیٹوریم میں منعقد ہوئی جس میں مملکتی وزیر برائے تعلیم اوروزارت خارجہ ڈاکٹرراج کمار راجن سنگھ نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔

جامعہ کی روایت کے مطابق پروگرام کا آغازتلاوت قرآن پاک سے ہوا۔مملکتی وزیر نے ہندوستان کے وشوگروبننے کے سفر میں یوگاکو انتہائی اہم قراردیا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ کوویڈ-19  کے تناظر میں ’نمسکار‘ نے عالمی سطح پر مقبولیت حاصل کی۔اب جب کہ یوگا کی اہمیت کو عالمی طورپر تسلیم کرلیا گیا ہے تو ضرورت اس بات کی ہے اس پر مختلف زاویوں سے ریسرچ اور تحقیق کی جائے۔

اختتامی تقریب کی صدارت جامعہ کی شیخ الجامعہ پروفیسر نجمہ اختر نے کی۔انھوں نے کہا کہ جامعہ کی تاریخ میں اس طرح کا نیشنل سیمینار پہلی مرتبہ منعقد ہوا ہے اور اس کے مضمرات قومی سطح پر دیکھنے کو ملیں گے۔اس موقع پر جامعہ ملیہ اسلامیہ کے رجسٹرار پروفیسر ناظم حسین الجعفری نے سیمنار کی کامیابی پرآرگنائزنگ سکریٹری ڈاکٹرمحمد فیض اللہ خاں اور سیمنار کنوینر ڈاکٹرعارف محمد کو مبارک باد پیش کی۔

مسلم یونیورسٹی علی گڑھ سے پروفیسر اکرام حسین نے تقریب میں بطورمہمان اعزازی شرکت کی۔انھوں نے یوگا کے تاریخی تناظر، اہمیت اور افادیت پر بات کرتے ہوئے اسے معاشرے کی ہمہ جہتی اصلاح کے استعمال پر زوردیا۔

اس موقع پر سیمنارڈائرکٹراورصدرشعبہ پروفیسر ناہید ظہورنے سیمنارمیں پیش کیے گئے مقالات پر مشتمل تفصیلی رپورٹ پیش کی۔سیمنارکی صدرپروفیسر سارہ بیگم ، ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن نے سبھی مہمانوں اور شرکاء کا خیرمقدم کیا اور سیمنارکوکامیابی سے ہم کنارکرنے پر سبھی کا شکریہ اداکیا۔

سیمینار کے کنوینر عارف محمد نے پروگرام کی نظامت کی ۔انھوں نے اظہارتشکر کے فرائض بھی بخوبی انجام دیے۔ہندوستان کے دیگر صوبوں سے تشریف لائے مقالہ نگاروں نے سیمنارکی بھرپورستائش کی۔

پروگرام میں جامعہ کے مختلف سینٹرز کے ڈائرکٹرز، صدرصاحبان ، ڈین حضرات، پراکٹردپارٹمنٹ کی پوری ٹیم ، طلبا وطالبات اورصحافی شریک ہوئے۔ قومی ترانے پر پروگرام اختتام پذیر ہوگیا۔

Recommended