ناک کی جانب سے اے پلس پلس یافتہ مرکزی یونیورسٹی جامعہ ملیہ اسلامیہ (جے ایم آئی)کے لیے یہ امر باعث فخر و انبساط ہے وزارت تعلیم کی نیشنل انسٹی ٹیوشنل رینکنک فریم ورک (این آئی آر ایف)2023کی آج جاری کردہ فہرست کے مطابق اس نے ایک مرتبہ پھر ملک کی تیسری سرکردہ یونیورسٹی کا اعزاز حاصل کیاہے۔
وزارت کی جانب سے رینکنگ کے اعلان کے لیے منعقدہ ایک پروقار تقریب میں پروفیسر نجمہ اختر(پدم شری) شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے عزت مآب وزیر تعلیم برائے مملکت جناب ڈاکٹر راج کمار رنجن سنکھ کے دست مبارک سے یہ انعام حاصل کیا۔
اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر نجمہ اختر،شیخ الجامعہ نے کہا”مجھے بے انتہا خوشی ہے کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ ایک مرتبہ پھر سے ملک کی تین سرکردہ یونیورسٹیوں میں شامل ہے۔ہم یونیورسٹی میں تدریس، آموزش اور تحقیقی معیار کو بہتر سے بہتر کرنے کے لیے پیہم کوششیں کر رہے ہیں۔این آئی آر ایف کی رینکنگس میں بھی ہم نے 2016 کے تیرہویں مقام سے 2022 میں تیسری رینک حاصل کی ہے اور اس سال اس مقام کو برقرار بھی رکھاہے۔
مجھے توقع ہے کہ آئندہ برسو ں میں یونیورسٹی جملہ معیارات میں مزید بہتر مظاہر ہ کرے گی۔انھوں نے مزید کہاکہ یہ شان دار حصولیابی، برمحل،مرکوز اور معیاری تحقیق،مخلص فیکلٹی اراکین کی اعلی اور معیاری تدریس اور یونیورسٹی کے غیر تدریسی عملے کی انتہائی جانفشانی کے باعث ممکن ہوسکاہے‘۔
شیخ الجامعہ نے جامعہ کے شان دار مظاہرے کو تدریس،پلیسمنٹ اور تحقیق وغیرہ کے شعبوں میں بہتر ہوتے تناظر سے بھی منسلک کیا۔جامعہ ملیہ اسلامیہ ملک میں طلبا کے لیے ایک ترجیحی ادارہ بن گیاہے جس کا اہم ثبوت اس میں داخلے کے لیے بڑی تعداد میں طلبا کی درخواستوں کا موصول ہونا ہے۔