Urdu News

ادبی مجلہ سیما کے خصوصی شمارہ کا رسم اجرا

ادبی مجلہ سیما کے خصوصی شمارہ کا رسم اجرا

انجمنِ محبانِ اردو کے زیرِ اہتمام خیابانِ ادب ثمر ہاؤس میں سہ ماہی ”سیما“ادبی مجلہ کے سرسید اور اے پی جے عبد الکلام خصوصی نمبر کا اجرا پروفیسر ذکیہ اطہر صدیقی کے ہاتھوں عمل میں آیا اس موقع پر پروفیسر ذکیہ صدیقی نے کہا کہ پروفیسر صغیر افراہیم قابلِ ستائش ہیں کہ ”سیما“ جیسا ادبی مجلہ نکال کر اردو ادب کی خدمت انجام دے رہے ہیں اور ساتھ ہی ادبی صحافت کابھی حق ادا کر رہے ہیں۔

خاص بات یہ کہ اس تازہ مجلے میں سرسید اور اے پی جے عبدالکلام پر جو مضامین ہیں وہ اپنی مثال آپ ہیں۔ان مضامین کے لکھنے والوں کے ساتھ ساتھ صغیر افراہیم اور مجلے کی معاون مدیر ثنافاطمہ کے انتخاب کی داد دینی ہوگی کیونکہ انھوں نے اس حوالے سے ایسے مضامین ترتیب دئیے ہیں جو سرسید شناسی میں انتہائی معاون ہیں۔

اس موقع پر سہ ماہی”سیما“کے مدیر اور معروف ادیب ڈاکٹر صغیر افراہیم نے کہا کہ یہ مجلہ لگاتار ادب کے حوالے سے اپنی خدمات پیش کر رہا ہے ہماری کوشش یہ رہتی ہے کہ ہم اس میں معروف و منفرد اداباء  کی تخلیقات کو جگہ دیتے رہیں۔

خوشی کا مقام یہ ہے کہ اس بار ہم نے سرسیداور اے پی جے عبد الکلام نمبر نکالا ہے جس میں سرسید شناسی کے حوالے سے نہایت ہی قیمتی مضامین یکجا کئے گئے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ اس میں میزائل مین اے پی جے عبدالکلام کے سلسلے سے بھی شاندار مضامین ہیں۔

اس کے علاوہ اس میں تنقیدی مضامین کے ساتھ ساتھ عصرِ حاضر کے ممتاز افسانہ نگاروں کے افسانے اور منفرد لب و لہجہ رکھنے والے شعرا  کی غزلیں اور نظمیں موجود ہیں۔ہم پورے وثوق سے کہہ سکتے ہیں کہ یہ ادبی مجلہ ادب کے شائقین کو پسند آئے گااور طلبہ وطالبات بھی اس سے مستفید ہوں گے۔

Recommended