Urdu News

اے ایم یو میں جی 20 کے تحت پینٹنگ مقابلہ منعقد

اے ایم یو میں جی 20 کے تحت پینٹنگ مقابلہ منعقد

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ لسانیات نے ہندوستان کی جی 20 کی صدارت کا جشن مناتے ہوئے منعقد کئے جانے والے پروگراموں کی کڑی میں پینٹنگ مقابلہ اور تقسیم انعامات تقریب کا اہتمام کیا۔ریسرچ اسکالر سومیہ عابدی نے جی 20 کے موضوع ’ایک زمین، ایک کنبہ، ایک مستقبل‘ پر ہوئے پینٹنگ مقابلے میں پہلا انعام جیتا، جب کہ افشاں صدیقی (ایم اے) نے دوم اور میتالی وارشنے اور عبدالمنعم خاں (ایم اے) نے مشترکہ طور سے سوم انعام حاصل کیا۔

تقسیم انعامات تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ایم جے وارثی، چیئرپرسن، شعبہ لسانیات نے کہا کہ جی 20 تمام بڑے بین الاقوامی اقتصادی مسائل پر عالمی حکمرانی کے اصولوں کی تشکیل و استحکام میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ جی 20گروپ کے ممبران عالمی جی ڈی پی کے تقریباً 85 فیصد، عالمی تجارت کے 75 فیصد اور دنیا کی تقریباً دو تہائی آبادی کی نمائندگی کرتے ہیں۔ڈاکٹر پلّو وشنو نے پروگرام کی نظامت کی اور شکریہ ادا کیا۔

دوسری طرف شعبہ اقتصادیات نے عالمی یوم ماحولیات پر جی 20 تقریبات، آزادی کا امرت مہوتسو اور مشن لائف کے تحت کئی پروگرام منعقد کئے۔ صدر شعبہ پروفیسر محمد عبدالسلام نے بتایا کہ اس موقع پر مشن لائف کا حلف دلایا گیا، ماحولیات پر مبنی دستاویزی فلم دکھائی گئی، آؤٹ ریچ پروگرام اور مضمون نگاری، پوسٹر سازی، سلوگن رائٹنگ اور فوٹو گرافی پر چار آن لائن مقابلے منعقد کئے گئے۔

 تقسیم انعامات تقریب میں فاتحین کو انعامات سے نوازا گیا۔ یونیورسٹی کے کالج آف نرسنگ نے بھی یوم ماحولیات پر ایک پروگرام منعقد کیا جس میں حاضرین کو ماحولیات کے تحفظ اور آلودگی کے خاتمہ کا حلف دلایا گیا۔

Recommended