Urdu News

‘پریکشا پہ چرچہ’ وزیراعظم نے بچوں سے کہا کچھ پانے کے لئے شارٹ کٹ راستہ نہ اپنائیں

وزیر اعظم نریندر مودی

نئی دہلی ، 27 جنوری (انڈیا نیریٹو)

وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو کہا کہ بچوں کو کچھ حاصل کرنے کے لیے شارٹ کٹ نہیں لینا چاہیے۔ کچھ بچے امتحانات میں نقل پر زیادہ توجہ دیتے ہیں۔ اگر ایسے بچے اپنی توجہ تخلیقی صلاحیتوں اور مثبت میدان میں مرکوز کریں تو بہتر نتائج حاصل ہوں گے۔

وزیر اعظم نے قومی دارالحکومت دہلی کے تالکٹورا انڈور اسٹیڈیم میں ’پریکشا پہ چرچہ‘ کے 6ویں ایڈیشن میں بچوں اور ان کے والدین سے بات چیت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہر سال ملک بھر سے بچے اپنے تجربات اور سوالات کے ساتھ انہیں خط لکھتے ہیں۔ یہ بہت پرجوش تجربہ ہے۔

وزیراعظم نے اس دوران بچوں کو ٹائم مینجمنٹ کی اہمیت کے بارے میں مشورہ دیا

وزیر اعظم مودی نے بچوں کو توجہ اور لگن کے ساتھ امتحان دینے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک کرکٹ کھلاڑی کی طرح ہے جو صرف اپنے کھیل پر توجہ مرکوز کرتا ہے نہ کہ ارد گرد کے شور پر۔وزیراعظم نے اس دوران بچوں کو ٹائم مینجمنٹ کی اہمیت کے بارے میں مشورہ دیا کہ وہ اپنی ماوؤں سے سیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ماں پر کئی طرح کے کاموں کا دباو ہوتا ہے اور وہ اسے کس طرح سنبھالتی ہیں، اسے غور سے دیکھنا چاہئے۔

وزیراعظم نے بچوں کے والدین سے کہا کہ وہ اپنے بچوں سے ان کی صلاحیتوں کے مطابق توقعات رکھیں۔ سماجی دباو کی وجہ سے بچوں سے توقعات وابستہ کی جائیں تو مسائل پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ والدین بچوں پر دباو نہ ڈالیں۔ اس کے ساتھ ہی بچوں کو اپنی صلاحیتوں کو کم نہیں سمجھنا چاہیے۔وزیر اعظم نے اس سے قبل ’پریکشا پہ چرچہ‘ پر مرکوز نمائش کا دورہ کیا۔مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے مطابق، 38 لاکھ طلباءنے ’پریکشا پہ چرچہ‘ کے اس ایڈیشن میں حصہ لینے کے لیے رجسٹر کر کے ایک ریکارڈ بنایا ہے۔ یہ تعداد گزشتہ سال کے مقابلے 15 لاکھ زیادہ ہے۔

Recommended