Urdu News

پروفیسراشتیاق احمد اْردو یونیورسٹی کے نئے رجسٹرار

پروفیسراشتیاق احمد اْردو یونیورسٹی کے نئے رجسٹرار

حیدرآباد،3، فروری(انڈیا نیرٹیو)

ہند-ایرانی ادب کے ماہراورممتازفارسی اسکالرپروفیسراشتیاق احمد نے آج مولانا آزاد نیشنل اردویونیورسٹی کے رجسٹرار کی حیثیت سے عہدہ کاچارج حاصل کرلیا۔پروفیسر اشتیاق احمد کا تعلق سنٹرفارپرشین اینڈ سنٹرل ایشین اسٹڈیز،جواہرلال نہرویونیورسٹی سے ہے۔ وہ ہند-ایرانی ادب، عصری فارسی ادبیات، اڈوانس ٹرانسلیشن اینڈ انٹرپرٹیشن، ثقافتی مطالعات (فارسی دنیا) کے ماہر ہیں۔ انہوں نے آج وائس چانسلرپروفیسرسیدعین الحسن کی موجودگی میں پروفیسر صدیقی محمد محمود رجسٹرار انچارج سے اپنی نئی ذمہ داری کا جائزہ حاصل کیا۔ اس موقع پر پروفسیر ایس ایم رحمت اللہ، پرو وائس چانسلر، پروفیسر حسیب الدین قادری، ڈائرکٹر آئی کیو اے سی؛ پروفیسر عبدالعظیم، پراکٹر؛ پروفیسر سید علیم اشرف جائسی، ڈین بہبودی طلبہ؛ پروفیسر سنیم فاطمہ، ڈین اسکول آف مینجمنٹ اینڈ کامرس؛ پروفیسر رضاء اللہ خان، ڈائرکٹر انچارج نظامت فاصلاتی تعلیم ڈاکٹر پی ایس منورحسین، انچارج فینانس آفیسر،ڈاکٹر محمد زائر حسین،کنٹرولر امتحانات بھی موجود تھے۔

پروفیسراشتیاق احمد کوزائد از22 سال کا تحقیقی و تدریسی تجربہ حاصل ہے۔ ان کی نگرانی میں 17 اسکالرس نے پی ایچ ڈی کی تکمیل کی جبکہ مزید 8 کی پی ایچ ڈی جاری ہے۔ 25 اسکالرس نے ان کی رہنمائی میں ایم فل کیا ہے۔ آپ نے کئی تحقیق پروجیکٹ مکمل کیے ہیں جن میں یوجی سی کا میجر ریسرچ پروجیکٹ ”عہد مغلیہ میں تعلیمی نظام:فارسی دستاویزات کے آئینے میں“ خاص طور سے قابل ذکر ہے۔ وہ علامہ طباطبائی یونیورسٹی، تہران اورانسٹی ٹیوٹ آف ہیومنٹیز اینڈ لینگویجز، سعدی فاؤنڈیشن میں خصوصی لیکچر پیش کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں اپریل 2019 میں تہران میں منعقدہ 32ویں بین الاقوامی کتاب میلے میں بطور مہمانِ اعزازی مدعوکیا گیاتھا۔ وہ یونیورسٹی جرنل، علامہ طباطبائی یونیورسٹی، تہران اور پرشین ریسرچ جرنل، یونیورسٹی آف مازنداران، ایران کے ایڈیٹوریل بورڈ کے رکن ہیں۔

موصوف وزارت خارجہ کے انٹر نیشنل ٹیکنکل اکانومک کوآپریشن کی جانب سے جے این یو میں منعقدہ سہ ماہی ٹریننگ پروگرام کے کوآرڈنیٹر رہے ہیں جو خاص طور سے غیر ملکی ڈپلومیٹس اور پروفیشنلس کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔پروفیسر اشتیاق احمد لنگوسٹک امپاورمنٹ سیل،جے این یو کے چیف کوآرڈنیٹر اور یوینیورسٹی کی کلچرل افیئرس کمیٹی، سیکیوریٹی کمیٹی اور جے این یو الومنائی کمیٹی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ مختلف تعلیمی اداروں اور کمیشنوں کے بھی رکن وابستہ ہیں۔پروفیسر اشتیاق احمد کو ایران، افغانستان، ترکی، بنگلہ دیش، مصر، جاپان، امریکہ، فرانس، پاکستان وغیرہ مختلف ممالک میں منعقد ہونے والے سمیناروں اور کانفرنسوں میں شرکت کا اعزاز حاصل ہے۔

Recommended