Urdu News

پروفیسر جتندر سریواستو بنے اگنو میں ڈائرکٹر، مختلف ممالک میں 22 اگنو اسٹڈی سینٹرس کی ذمہ داری

پروفیسر جتندر سریواستو

 پروفیسر جتندر سریواستو بنے اگنو میں ڈائرکٹر، مختلف ممالک میں 22 اگنو اسٹڈی سینٹرس کی ذمہ داری 



30جون کو پروفیسر جتندر سریواستو کو اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی کے انٹر نیشنل ڈویژن کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اگنو کے تمام غیر ملکی اسٹڈی سینٹرس (تعلیمی مراکز) کی نگرانی  اب پروفیسر جتندر سریواستو کے ذمہ ہے۔ مختلف ممالک میں اگنو کے 22سے زیادہ اسٹڈی سینٹرس اس وقت کام کر رہے ہیں۔ ان اسٹڈی سینٹرس کے ذریعے ہزاروں کی تعداد میں غیر ملکوں میں آباد افراد بھی اگنو سے تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور اپنا مستقبل سنوار رہے ہیں۔ پروفیسر جتندر سریواستو اگنو میں ہی ہندی زبان و ادب کے پروفیسر ہیں۔ وہ اگنو کے رجسٹرار بھی رہ چکے ہیں۔ اور موجودہ وقت میں اسکول آف ٹورزم کے ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ہیں۔ اب پروفیسر جتندر سریواستو کو انٹر نیشنل ڈویژن کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ 
پروفیسر جتندر سریواستو ایک ممتاز ہندی کوی اور ادیب کے طور پر شہرت رکھتے ہیں۔ انھیں کئی عالمی و قومی ایوارڈس بھی مل چکے ہیں۔ ان کی کویتاؤں (شاعری) کا ترجمہ کئی اہم زبانوں میں شائع ہو چکا ہے۔ پروفیسر جتندر کا تعلق گورکھپور  (ردرپور، دیوریا) کے پاس ایک گاؤں سے ہے۔ وہ ایک متوسط کسان خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ ابتدائی تعلیم گاؤں کے اسکول میں اور گریجویشن تک کی تعلیم گورکھپور میں حاصل کی۔ اس کے بعد ملک کے مایا ناز تعلیمی ادارہ جے این یو، نئی دہلی میں پی ایچ ڈی تک کی تعلیم حاصل کی۔ اپنی طالب علمی کی زندگی میں ہی وہ ایک کوی کے روپ میں اچھے خاصے مشہور ہو چکے تھے۔ پھر رفتہ رفتہ ان کی شہرت عالمی سطح پر ہوئی۔ وہ ایک ملنسار، ہنس مکھ اور نرم گفتار استاد ہیں۔ اپنے طالب علموں میں بے پناہ مقبول ہیں۔ کئی زبانیں جانتے ہیں۔ بھوجپوری کے علاوہ ہندی اور انگریزی زبانوں پر عبور حاصل ہے۔ اردو زبان سے بھی خوب واقف ہیں۔ اردو شعر و شاعری کا بہت ستھرا مذاق رکھتے ہیں۔ 
پروفیسر جتندر سریواستو کے ڈائریکٹر بننے سے اگنو میں بھی اور دہلی و ملک کے دیگر حصوں میں خوشی کی لہر ہے۔ جتندر سریواستو کو جاننے والے جانتے ہیں کہ وہ ایک ایماندار، محنتی و دور اندیش افسر بھی ہیں۔ وہ تعلیمی بے داری کو لے کر بہت حساس ہیں۔ ان کے ڈائریکٹر بننے پر اردو کنسلٹنٹ ڈاکٹر قدسیہ نصیر اور ڈاکٹرعبد الحفیظ نے مسرت کا اظہار کیا۔ اور پروفیسر جتندر سریواستو کو مبارک باد پیش کی۔ ہندی کنسلٹنٹ ڈاکٹر شمبھو ناتھ مشرا، ڈاکٹر ارون پانڈے اور سنسکرت کنسلٹنٹ ڈاکٹر ارپتا تیواری  نے بھی اپنی خوشی کا اظہار کیا اورپروفیسر جتندر سریواستو کے انٹر نیشنل ڈویژن کے ڈائریکٹر بننے پر انھیں مبارک باد پیش کی۔ 
واضح رہے کہ ابھی حال میں ہی اگنو میں اردو ایم اے کا کورس بھی لانچ کیا گیا ہے۔ اردو سرٹیفکٹ کورس، اردو ڈپلومہ کورس، اردو بی اے کی پڑھائی فاصلاتی نظام تعلیم کے تحت اگنو میں پہلے سے ہو رہی تھی۔ اب ایم اے اردو کا کورس بھی لانچ ہو گیا ہے۔ ہندوستان کے کسی بھی حصے سے کوئی شخص کسی بھی ملک میں کام کر رہا ہے اور وہ مزید پڑھائی کا خواہش مند ہے تو اسے ضرور اگنو کی ویب سائٹ پر جانا چاہئے۔ اور اب جب پروفیسر جتندر سریواستو انٹر نیشنل ڈویژن کے ڈائریکٹر بنے ہیں تو عرب ممالک میں نوکری کرنے والے افراد کے لئے اور بھی آسانیاں پیدا ہو گئی ہیں۔ 
ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں کی تعداد میں ہندوستانی نوجوان عرب ممالک میں، خلیجی ممالک میں نوکری کی غرض سے رہ رہے ہیں۔ وہ کسی بھی عمر کے ہوں، کسی بھی خطے میں ہوں اگر ان میں پڑھنے کا شوق ہے تو انھیں اگنو کے ذریعے اپنے خوابوں کو ضرور پورا کرنا چاہئے۔ مناسب فیس کے ساتھ اگنو غیر ملکوں میں آباد لوگوں کے لئے گھر بیٹھے تعلیم کا انتظام کر چکا ہے۔ فائدہ اٹھانے والے ضرور آگے آئیں۔ اردو سے بی اے اور ایم اے کرنے والے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اگنو کی ڈگری نہ صرف ہندوستان میں بلکہ پوری دنیا میں تسلیم کی جاتی ہے۔ اگنو حکومت ہند کا ایک معتبر ادارہ ہے۔ سیکڑوں کورسز کے ساتھ اگنو نے اپنی عالمی پہچان قائم کی ہے۔ مختلف ملکوں میں اگنو کے مراکز قائم ہیں۔ انھیں غیر ملکی مراکز اور غیر ملکی طلبہ کی تمام ترنگرانی کی ذمہ داری اب پروفیسر جتندر سریواستو کے پاس ہے۔ انٹر نیشنل ڈویژن کا ڈائریکٹر بنائے جانے پر انڈیا نیریٹو ٹیم کی جانب سے بھی پروفیسر جتندر سریواستو کو مبارکباد اور نیک خواہشات۔ 

Recommended