تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ کے مرکزی وزیر جناب دھرمیندر پردھان نے سی بی ایس ای کے ذریعہ 10ویں اور 12ویں جماعت کے امتحانات کے نتائج کے اعلان پر طلبا کو مبارکباد دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ وقت اساتذہ، والدین اور دیگر بہت سے لوگوں کی خوشی کا ہے جو طلبا کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور تمام طلبا کے خوشگوار، صحت مند اور روشن مستقبل کی تمنا کرتے ہیں۔ جناب پردھان نے یہ بھی کہا کہ نتیجے کا بے صبری سے انتظار کرنا، محنت کا پھل دیکھنے کی خوشی وغیرہ کسی بھی طالب علم کی زندگی میں میٹھی یادیں بن جاتی ہیں۔ اس دور کو طلبہ کے آگے آنے کا وقت بتاتے ہوئے انھوں نے طلبہ کو یہ سوچنے کا مشورہ دیا کہ وہ مستقبل میں کیا بننا چاہتے ہیں۔
اپنے نتائج سے غیر مطمئن طلبا کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے، انھوں نے کہا کہ دنیا ایسے لوگوں کی مثالوں سے بھری پڑی ہے جنھوں نے امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا، لیکن زندگی میں بہت اچھا کام کیا۔ اپنی مثال دیتے ہوئے جناب پردھان نے کہا کہ میں اپنے آپ کو ایک اوسط طالب علم کے طور پر یاد کرتا ہوں جس نے امتحانات میں کبھی اچھے نمبر نہیں لیے۔ انھوں نے کہا کہ اگر ہم اسے قبول کرنے کے لیے تیار ہوں اور محنت کریں تو زندگی میں ناقابل تصور راستے بنتے ہیں۔
جناب پردھان نے دسویں اور بارہویں جماعت دونوں میں طالبات کی شاندار کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کلاس 12 میں، لڑکیوں نے 94.54 فیصد پاس ہونے کے ساتھ لڑکوں کو 3.29 فیصد پیچھے چھوڑ دیا۔ اس امتحان میں 91.25 فیصد طلبا کامیاب ہوئے۔ 10ویں جماعت میں کل 95.21 فیصد لڑکیاں پاس ہوئیں جبکہ لڑکوں کی کامیابی کا تناسب 93.8 رہا۔ انھوں نے اسے معاشرے کے لیے ایک مثبت تبدیلی قرار دیا۔ مرکزی وزیر نے جواہر نوودیہ ودیالیوں، کیندریہ ودیالیوں اور دیگر سرکاری اور سرکاری امداد یافتہ اسکولوں کے طلبا کی کارکردگی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
جناب پردھان نے کلاس 10 اور 12 کے امتحانات کو کامیابی سے منعقد کرنے کے لیے سی بی ایس ای ٹیم، اسکولوں، اساتذہ اور دیگر معاون عملے کی بھی تعریف کی۔