سپریم کورٹ نے نیٹ۔پی جی انٹرنشپ کی تکمیل کی آخری تاریخ 31 جولائی سے آگے بڑھانے کے کچھ امیدواروں کے مطالبے کو مسترد کر دیا ہے۔ جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ نے عرضی کو خارج کرنے کا حکم دیا۔
آج ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایشوریہ بھاٹی نے کہا کہ انٹرن شپ کی مدت 31 جولائی سے آگے نہیں بڑھائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امتحان مئی میں منعقد ہونا ہے اور جولائی کے تیسرے چوتھے ہفتہ میں کونسلنگ ہونی ہے۔ اگست سے کلاسز شروع ہوں گی۔ ایسے میں اگر انٹرن شپ کی مدت میں توسیع کی گئی، تو اگلا سیشن متاثر ہوگا۔
گزشتہ30 مارچ کو سماعت کے دوران ڈاکٹر درخواست گزاروں کی جانب سے سینئر ایڈوکیٹ گوپال شنکرنارائنننے کہا تھا کہ انٹرن شپ کی تاریخ 31 جولائی تک بڑھانے کے بعد بھی خاص طور پر بہار، جموں و کشمیر اور کیرالہ جیسی ریاستوں کے امیدوار انٹرن شپ سے باہر ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا تھا کہ امتحان مئی میں ہے اور نتیجہ جون میں آ جائے گا۔ کورونا کی وجہ سے انٹرن شپ میں خلل پڑا ہے۔ ان امیدواروں کو ایک اور موقع ملنا چاہیے۔ نیٹ۔ پی جی امیدواروں نے کہا ہے کہ بہت سے ڈاکٹروں کی کورونا ڈیوٹی کی وجہ سے انٹرن شپ شروع نہیں ہو سکی۔ انٹرن شپ شروع ہونے کی تاریخ مختلف ریاستوں میں مختلف ہوتی ہے۔