Urdu News

یوپی کے غیر تسلیم شدہ مدارس کے سروے کے لیے 10 ستمبر تک ٹیم تشکیل دی جائے: وزیر اقلیتی بہبود

یوپی کے غیر تسلیم شدہ مدارس کے سروے کے لیے 10 ستمبر تک ٹیم تشکیل دینے کا اعلان

اترپردیش کے اقلیتی بہبود، مسلم اوقاف اور حج نیز کابینہ وزیر دھرم پال سنگھ نے ریاست کے غیر تسلیم شدہ مدارس کا سروے کرائے جانے کے لئے 10 ستمبر تک سروے ٹیم تشکیل دیتے ہوئے 15 اکتوبر 2022 تک سروے کام پورا کرائے جانے کی ہدایت دی۔

انہوں نے کہا کہ غیر تسلیم شدہ مدارس کے سروے کے لئے تشکیل شدہ ٹیم میں متعلقہ تحصیل کے ڈپٹی ڈی ایم، ضلع بیسک سکشا ادھیکاری اور ضلع اقلیتی بہبود افسر شامل ہوں گے۔

یہ ٹیم ایس ڈی ایم (انتظامیہ) کی ہدایت میں سروے کر ضلع مجسٹریٹ کو رپورٹ پیش کرے گی۔ ضلع مجسٹریٹ کے ذریعہ سروے رپورٹ 25 اکتوبر 2022 تک حکومت کو فراہم کرائی جائے۔

یہ ہدایت آج یہاں جناب دھرم پال سنگھ نے ودھان سبھا واقع اپنے دفتر میں محکمہ اقلیتی بہبود کی اعلی سطحی میٹنگ میں دی۔ انہوں نے کہا کہ غیر تسلیم شدہ مدارس کی تفصیلات میں سروے ٹیم کے ذریعہ مدرسہ کا نام،

مدرسہ کی انتظامیہ کمیٹی کا نام، تاسیس کا برس، مدرسہ کی صورتحال کی مکمل تفصیلات، مدرسہ میں طلباوطالبات کے لیے ضروری بنیادی سہولیات، زیر تعلیم طالب علموں کی کل تعداد، مدرسہ میں کل اساتذہ کی تعداد، مدارس میں نافذ نصاب،

مدرسہ کی آمدنی کا ذریعہ اور مدرسہ میں زیر تعلیم طالب علم کیا کسی دیگر اسکول میں نامزد ہیں وغیرہ کی تفصیلات حاصل کی جائے۔ ساتھ ہی غیر سرکاری گروپپ یا ادارہ سے مدارس کے منسلک ہونے کی تفصیلات بھی حاصل کی جائیں۔

وزیر اقلیتی بہبود نے کہا کہ ریاستی حکومت کا مقصد ہے کہ اقلیتی طبقہ کے بچوں اور نوجوانوں کو معیاری اور بہترین تعلیم فراہم کرائی جائے تاکہ انکی ہمہ گیر ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔

Recommended