Urdu News

جامعہ ملیہ اسلامیہ کی رہائشی کوچنگ اکیڈمی کے23 طلبا یو پی ایس سی،سول سروسز 2022 امتحان میں منتخب

پروفیسر نجمہ اختر شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ، کامیاب طلبا و طالبات کے ساتھ

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے موقر آرسی اے کے تیئس امیدوار یوپی ایس سی،سول سروسز امتحان دوہزار بائیس میں منتخب ہوئے ہیں۔امید ہے کہ تیئس میں سے چند امیدواروں کو آئی اے ایس اور آئی پی ایس کے مناصب ملیں اور باقی امیدواروں کو ان کی رینکنگ اور چوائس کے مطابق آئی آر ایس،آڈٹ،اکاؤنٹ سروس،آئی آرٹی ایس اورگروپ اے کے دیگر متعلقہ خدمات ملیں۔

اجمیرا سنکیت کمار جنھوں نے پینتیسویں رینک حاصل کی ہے وہ اس سال آر سی اے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سب سے بہتر مظاہر ہ کرنے والوں میں ہیں۔تیئس میں سے بارہ منتخب امیدوار لڑکیاں ہیں۔

پروفیسر نجمہ اختر شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے کہا کہ سول سروسز امتحانات کی تیاری اور تربیت میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کی رہائشی کوچنگ اکیڈمی کالگاتار بہترین مظاہرہ رہتاہے یہ باعث فخر و طمانینت ہے۔آئندہ برسوں میں اور بھی بہتر نتائج کے لیے پر امید ہیں۔انھوں نے طلبا کو مبارک دینے کے لیے جامعہ کی رہائشی کوچنگ اکیڈمی کا دورہ کیا۔

رہائشی کوچنگ مزید بہتر نتائج دے اس کے لیے پروفیسر نجمہ اختر اس کی نگہ داشت میں ذاتی دلچسپی لینے کے ساتھ ساتھ طلبا کی رہنمائی اورآرسی اے کو جملہ سہولیات دستیاب کراتی ہیں۔انھوں نے تمام طلبا کو اور ان کے گھر والوں کو اس موقع پر مبارک باد دی۔انھوں نے عابد حلیم پروفیسر انچارچ،آر سی اے کے لیے ان کی خدمت کے جذبے کو سراہا۔

شیخ الجامعہ، پروفیسر نجمہ اختر کامیاب طلبا کے ساتھ

گزشتہ سال آر سی اے جامعہ ملیہ اسلامیہ کی محترمہ شروتی شرما یوپی ایس سی سول سروسز امتحان میں ٹاپر رہی تھیں۔

سال دوہزار دس اور گیارہ سے دوہزار تیئس تک آرسی اے نے دوسو ستر سے زیادہ سول سرونٹ ملک کو دیے ہیں جن میں آئی اے ایس، آئی ایف ایس اور آئی پی ایس شامل ہیں۔اس کے علاوہ تین سوسے زیادہ طلبا دیگر مرکزی اور ریاستوں کے مقابلہ جاتی امتحانات یعنی سی اپی ایف، آئی،آربی آئی (گریڈ بی) اے پی ایف، بینک پی اور اور پی سی ایس وغیرہ میں منتخب ہوئے ہیں۔

سینٹر فار کوچنگ اینڈ کیرئیر پلاننگ کے زیر اہتمام یوجی سی نے سال دوہزار دس میں آرسی اے کو قائم کیا تھا۔جس کا مقصد ایس سی،ایس ٹی،خواتین اور اقلیت طبقہ سے تعلق رکھنے والے طلبا کو سول سروسز اور دیگر مقابلہ جاتی امتحانات میں تیاری کرنے میں مدد فراہم کرانا تھا۔اس اکیڈمی میں سول سروسز کی تیاری کے لیے طلبا کا انتخاب کل ہند تحریری امتحان کے بعد انٹرویو کے بعد ہوتاہے۔

آرسی اے کے پاس کوچنگ اور شخصیت کے کثیر رخی فروغ کا عمدہ خاکہ ہے جس میں امتحانات کے مختلف ادوار یعنی کہ پری لمنری،مینس اور انٹرویو کے ساتھ ساتھ پانچ گھنٹے کی کلاسیس،ممتاز اسکالروں اورسول سرونٹس کے خصوصی خطبات،گروپ ڈسکشن،ٹسٹ سریز اور ماک انٹرویو شامل ہیں۔اس کے علاوہ اکیڈمی چوبیس گھنٹے ایئر کنڈیشن کی سہولت کے ساتھ ساتھ مفت وائی فائی کی سہولت بھی فراہم کرتی ہے۔اکیڈمی اپنے یہاں سول سروسز کی تیاری کرنے والے طلبا کو محفوظ اور آرام دہ سہولیات فراہم کرتی ہے۔

Recommended