Urdu News

سینٹرل یونیورسٹیوں میں ریزرو کیٹیگری کے پروفیسروں کی 4297 آسامیاں خالی ہیں: دھرمیندر پردھان

مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان

ملک بھر کی 43 سینٹرل یونیورسٹیز میں پروفیسر، ایسوسی ایٹ پروفیسر اور اسسٹنٹ پروفیسر کی 4297 ریزرو کیٹیگری کی آسامیاں خالی ہیں۔ اس میں جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو)، دہلی یونیورسٹی (ڈی یو)، جامعہ ملیہ اسلامیہ(جے ایم آئی) اور بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو) جیسی ممتاز یونیورسٹیاں بھی شامل ہیں۔

مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے بدھ کے روز راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں یہ معلومات  دی۔ 1 اپریل 2022 تک سنٹرل یونیورسٹیوں میں ریزرو کیٹیگری کے پروفیسر، ایسوسی ایٹ پروفیسر اور اسسٹنٹ پروفیسر کی آسامیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے بتایا گیا کہ درج فہرست ذات (ایس سی) کے 988، درج فہرست قبائل (ایس ٹی)کے  576، دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی)کے  1761، اقتصادی طور پر پسماندہ طبقات (ای ڈبلیو ایس)کے  628 اور معذور افراد (پی ڈبلیو ڈی) کے زمرے میں 344 اسامیاں ہیں۔

راشٹریہ سنسکرت وشو ودیالیہ میں او بی سی زمرہ میں صرف ایک اسسٹنٹ پروفیسر کا عہدہ خالی ہے۔ دوسری طرف، جامعہ ملیہ اسلامیہ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں بالترتیب  8 اور 48 اسامیاں مختلف معذوروں کے زمرے میں خالی ہیں۔ ان تینوں ہی یونیورسٹیوں میں دیگر ریزرو کیٹیگری میں کوئی آسامیاں نہیں ہیں۔

دہلی یونیورسٹی میں کل 589 آسامیاں خالی ہیں جن میں پروفیسر کی 124، ایسوسی ایٹ پروفیسر کی 296 اور اسسٹنٹ پروفیسر کی 169 آسامیاں شامل ہیں۔ بنارس ہندو یونیورسٹی میں کل 567 آسامیاں خالی ہیں جن میں پروفیسر کی 105، ایسوسی ایٹ پروفیسر کی 231 اور اسسٹنٹ پروفیسر کی 231 آسامیاں شامل ہیں۔ جواہر لعل نہرو یونیورسٹی میں کل 262 آسامیاں خالی ہیں جن میں پروفیسر کی 74، ایسوسی ایٹ پروفیسر کی 116 اور اسسٹنٹ پروفیسر کی 72 آسامیاں شامل ہیں۔

Recommended