Urdu News

نوجوان اردو اسکالر ڈاکٹر عبدالحئی خان کو سند اور اعزاز سے نوازا گیا

نوجوان اردو اسکالر ڈاکٹر عبدالحئی خان کو سند اور اعزاز سے نوازا گیا

یونائیٹڈ مسلم آف انڈیا (یوایم آئی) اور اْردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (یوڈی او) نے دربھنگہ سی ایم کالج کے اسسٹنٹ پروفیسر اور قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے سابق مدیر ڈاکٹر عبدالحئی کو ان کی مجموعی ادبی و صحافتی خدمات کے لیے سند اعزاز سے نوازا۔انہیں یہ ایوارڈ یوایم آئی کے دفتر واقع دریا گنج، نئی دہلی میں عالمی یوم اردو ایوارڈز کے انعقاد سے متعلق منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران دیا گیا۔

اس میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے قومی صدر اور سی سی آریو ایم کے سابق ڈپٹی ڈائرکٹر حکیم سیّد احمد خاں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالحی خان ایک فعال اور متحرک اسکالر ہیں، انہوں نے بہت کم وقت میں ترقی کے منازل طے کیے ہیں۔ وہ بیک وقت کئی کتابوں کے مصنف اور معتبر صحافی کے طور پر معروف ہیں، وہ اردو ادب میں ایک ممتاز اور نمایاں نوجوان کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔

خوشی کی بات یہ ہے کہ وہ اس وقت بہار میں اپنی محنت اور علمی کاوشوں کی وجہ سے مستحکم شناخت رکھتے ہیں۔ اس موقع پر عوامی ایکتا ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری اور مسلم ایڈوائزری کمیٹی دہلی اقلیتی کمیشن کے ممبر حکیم عطاء الرحمن اجملی نے بھی اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ ڈاکٹر عبدالحی بے حد فعال اور محنتی انسان ہیں اور آج وہ جو کچھ بھی ہیں اپنی محنت کی ہی بدولت ہیں۔

اس میٹنگ میں 9 نومبر ’عالمی یوم اردو‘ کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا اور اس کی تیاریوں کے تعلق سے شرکاء  کی رائے بھی لی گئی۔ واضح ہو کہ ملک کے مختلف علاقوں سے اس پروگرام میں شرکت کے لیے مندوبین تشریف لاتے ہیں۔ ’ورلڈ اْردو ڈے‘ کے موقع پر ادب اور صحافت کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دینے کے اعتراف میں چند اہم شخصیات کو اعزازات سے نوازا جاتا ہے۔

اس سال کے پروگرام کی صدارت پروفیسر ایمریٹس (دہلی یونیورسٹی) ماہر اقبالیات پروفیسر عبدالحق ہوں گے اور مہمان خصوصی کی حیثیت سے جسٹس این کے جین (چیئرمین نیشنل کمیشن برائے اقلیتی تعلیمی ادارہ جات، حکومت ہند) شرکت کریں گے۔

اس پروگرام کی نظامت کرتے ہوئے ڈاکٹر خان رضوان نے کہا کہ عبدالحی خاں اردو ادب کے ایک ذہین اور پڑھے لکھے ادیب ہیں اور حقیقت تو یہ ہے کہ وہ ایک معتبر صحافی بھی ہیں اور آج اپنی محنت کی وجہ سے میدان ادب میں محتاج تعارف نہیں ہیں۔ اس میٹنگ میں اسرار احمد اْجینی، حکیم آفتاب عالم، نعیم عالم خاں، ندیم عارف، محمد عمران قنوجی اور دیگر لوگ موجود تھے۔

Recommended